سعودی وزارت بلدیات و ہاوسنگ میں کمرشل ہیلتھ لائسنسگ شعبے کے ڈائریکٹر جنرل انجینئرعلی التمیمی کا کہنا ہے ہوم ڈیلیوری سروس کے شعبے کو منظم کرنے کےلیے نئے ضوابط کا آغاز یکم جولائی 2025 سے کیا جائے گا۔
سعودی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’ فوڈ سیکٹر سے منسلک افراد کےلیے ضروری ہوگا کہ وہ متعلقہ ادارے سے ہیلتھ سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔‘
ہوم ڈیلیوری سے منسلک دیگر ضوابط کے حوالے سے علی التمیمی کا کہنا تھا ’اس سروس کےلیے ٹرانسپورٹیشن کے جو ذرائع استعمال کیے جائیں وہ مطلوبہ معیار کے مطابق ہوں اور ان کا کارآمد پرمٹ جاری کرایا جائے۔‘
انجینئرعلی التمیمی کا مزید کہنا تھا’ پرمٹ کا حصول ’بلدی‘ ایپ کے ذریعے کیا جاسکے گا۔ مطلوبہ دستاویزات اور معلومات فیڈ کرنے کے بعد پرمٹ جاری کیا جائے گا۔‘