سعودی عرب میں داخلی سیاحت بڑھ گئی، سیاحوں نے 255.6 ارب ریال خرچ کیے
وژن 2030 کے تحت سیاحتی شعبے نے غیرمعمولی ترقی کی ہے (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں داخلی سیاحت بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ برس ایک سیاح کی جانب سے ٹرپ پر اوسطا 2338 ریال خرچ کیے گئے۔
سبق نیوز نےسروے رپورٹ کے حوالے سے بتایا اندرون ملک سے مختلف ریجنز میں جانے والے سیاحوں کی تعداد 109344 ملین رہی جنہوں نے 927641 راتیں قیام کیں۔
سیاحتی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اندرون ملک سے مملکت کے مختلف علاقوں کی سیاحت کے رجحان میں خاطرخواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سیاحتی اخراجات کے حوالے سے اعداد وشمار کے مطابق یومیہ بنیاد پر 276 ریال اوسطا خرچ کیا گئے جو داخلی سیاحوں کی جانب سے تھے۔
گزشتہ برس کے دوران مجموعی طورپر سیاحوں نے 255.6 ارب ریال خرچ کیے جو ایک بڑی رقم ہے اور اس بات کی علامت ہے کہ مملکت کے وژن 2030 کے حوالے سے سیاحتی شعبے نے غیرمعمولی ترقی کی۔
مملکت کے بڑے شہر جن میں ریاض، جدہ ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ سیاحوں کی بڑی تعداد نے ابھا، الباحہ اور العلا کے تفریحی مقامات کا رخ کیا۔
سیاحتی کمیٹی نے توقع ظاہر کی کہ گزشتہ برس کے اعداد وشمار کو دیکھتے ہوئے رواں سال سیاحوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ متوقع ہے۔
