خلیجی ممالک مشترکہ سیاحتی ویزا آخری مراحل میں داخل
جمعرات 3 جولائی 2025 10:17
’مشترکہ ویزے کا اجرا سال رواں کی دوسری ششماہی میں کے آغاز میں متوقع ہے‘ ( فوٹو: سبق)
خلیج تعاون کونسل کے جنرل سکریٹری جاسم البدیوی نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک کا مشترکہ سیاحتی ویزا آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’رکن ممالک کی امیگریشن اتھارٹیز اور انتظامی امور کو حتمی شکل دی جارہی ہے جبکہ اس کا باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے‘۔
سکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے کہا ہے کہ ’مشترکہ ویزے کا اجرا سال رواں کی دوسری ششماہی میں کے آغاز میں متوقع ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’اگر یہ منصوبہ کامیابی سے نافذ ہو گیا تو خلیجی ممالک حقیقی عملی انضمام کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہوں گے جس کے سب سے بڑے مستفید سیاح ہوں گے‘۔
خیال رہے کہ جی سی سی ممالک کا مشترکہ سیاحتی ویزا خلیجی انضمام کی راہ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو نہ صرف انتظامی سطح پر بلکہ خلیج کو ایک متحدہ سیاحتی منزل کے طور پر پیش کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا‘۔
توقع ہے کہ خلیجی ویزا یورپی ’شینگن‘ ویزا کی کاپی نہیں ہوگا بلکہ یہ ایک ایسا منفرد تجربہ ہوگا جو خلیج کی مخصوص شناخت، مشترکہ زبان، ثقافت، انفرا اسٹرکچر اور اجتماعی تشخص پر مبنی ہوگا۔