Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نوجوانوں میں ماحولیات سے متعلق آگاہی کے لیے مہم

یہ انیشیٹیو، وژن 2030 اور قومی ماحولیاتی حکمتِ عملی سے ہم آہنگ ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے ماحولیاتی فنڈ نے ’فرینڈز آف دا انوائرنمنٹ‘ نامی انیشیٹیو  مکمل کر لیا جس کے تحت مملکت کے 13 انتظامی ریجنوں کے 331 سکولوں سے 13552 طلبا مستفید ہوئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق فنڈ کے اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں ماحولیات سےمتعلق آگاہی پیدا کرنا تھا۔
یہ پروگرام غیر نفع بخش ادارے ’انجاز سعودی عرب‘ کی شراکت میں مکمل کیا گیا جو سعودی نوجوانوں کو کام کے لیے عملی طور پر ہنر سکھا کر بااختیار بناتا ہے۔
فنڈ کے قائم مقام سی ای او منیر بن فہد بن السھلیی کہتے ہیں کہ یہ انیشیٹیو، وژن 2030 اور قومی ماحولیاتی حکمتِ عملی سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی شعبے کی صلاحیت کو بڑھانا، برقرار رکھنا اور اس میدان میں مملکت کی قیادت کو مضبوط بنانا ہے۔ ان مقاصد کے حصول کے لیے فنڈ مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔
اس پروگرام کے لیے 200 طلبا کو تربیت دی گئی تھی جس کا دورانیہ 135520 تربیتی گھنٹوں تک تھا۔ ابتدا میں خیال کیا جا رہا تھا کہ یہ تربیتی گھنٹے 125000 دورانیے کے ہوں گے۔ اس انیشیٹیو کا ہدف 12500 طلبہ تھے لیکن یہ تعداد توقع سے بڑھ گئی۔

اس پروگرام کے لیے 200 طلبا کو تربیت دی گئی تھی (فوٹو: عرب نیوز)

فنڈ کے قائم مقام سی ای او کا کہنا تھا کہ’ پروگرام اپنے مقاصد حاصل کر چکا ہے تاہم ماحولیاتی فنڈ اسی طرح کی دیگر تمام کوششوں میں تعاون کا پابند ہے جن سے نوجوانوں کو ماحول کے بارے میں آگاہی ملتی ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’یہ منصوبہ ماحولیاتی، تعلیمی اور غیر نفع بخش اداروں کے درمیان مل جل کر کام کرنے کا ایک ماڈل ہے جو فنڈ کے اس نصب العین کی عکاسی کرتا ہے کہ ایسی نسل کو پروان چڑھایا جائے جو قدرتی وسائل کی قدر کرے اور انھیں محفوظ بنائے۔‘

یہ پروگرام ماحولیات سے متعلق 16 مختلف سمتوں میں تعاون فراہم کرتا ہے۔(فوٹو: عرب نیوز)

فرینڈز آف دا انوائرنمنٹ‘ انیشیٹیو، ’انسینٹیوز اینڈ گرانٹس پروگرام‘ کا حصہ ہے جسے 2024 کے وسط میں وزارتِ ماحولیات، آب اور زراعت کی جانب سے آن لائن پلیٹ فارم کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔
یہ پروگرام ماحولیات کے سلسلے میں 16 مختلف سمتوں میں تعاون فراہم کرتا ہے۔’انوائرنمنٹل فنڈ‘ کی ویب سائٹ کے ذریعے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں۔
اس سال کے شروع میں سعودی عرب نے ماحولیاتی مقاصد کے لیے سرمایہ فراہم کرنے کا ایک انیشیٹیو متعارف کرایا تھا جس کی قدر ایک بلین سعودی ریال تھی جو 267 ملین امریکی ڈالر کے مساوی ہے۔

ماحول کو محفوظ بنانے کے ساتھ قدرتی وسائل کا تحفظ کیا جا رہا ہے (فوٹو: عرب نیوز)

اس انیشیٹیو کو ریاض بنک کی حمایت حاصل ہے اور اس کا مقصد پائیدار منصوبوں میں نجی شعبے کی شمولیت کو بڑھانا ہے۔ اس منصوبے کا اعلان وزیر عبدالرحمن الفضلی نے کیا تھا جو فنڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔
اس انیشیٹیو کا مقصد ماحولیاتی کوششوں کے لیے فنڈنگ کو مضبوط کرنا اور نمایاں منصوبوں کو ترغیبات مہیا کرنا ہے۔ یہ پروگرام ماحول کو محفوظ بنانے اور قدرتی وسائل کا تحفظ کرتے ہوئے دیرپا ترقی کے فروغ کے لیے ایک وسیع تر قومی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔

 

شیئر: