بیشتر شہروں میں گرد کی لہر جاری، جنوبی علاقوں میں بارش
جمعرات 3 جولائی 2025 9:57
’نجران شہر کے علاوہ حبونا اور شرورہ میں گرد کے ساتھ حد نگاہ نہ ہونے برابر ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کو 8 ریجنوں کے رہائشیوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے بعض ریجنوں میں گرد و غبار کی لہر جاری ہے جبکہ بعض میں تیز ہوا ہے اور بعض دیگر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ کی القنفذہ، اللیث اور طائف کمشنریوں میں تیز ہوا چلے گی جس کی رفتار 49 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے‘۔
’جبکہ الخرمہ، المویہ، تربہ اور رنیہ میں گردوغبار رہے گا جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ، الجوف، شمالی حدود، مشرقی ریجن اور ریاض کے علاوہ نجران میں مطلع گرد آلود ہے جبکہ حد نگاہ متاثر ہے‘۔
’علاوہ ازیں جازان اور اس کے ساحلی علاقوں میں حد نگاہ انتہائی محدود رہے گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’جنوبی علاقوں نجران، عسیر اور جازان کے بعض شہروں میں ہلکی بارش کا امکان ہے‘۔
محکمے نے بتایا ہے کہ ’نجران شہر کے علاوہ حبونا اور شرورہ میں گرد کے ساتھ حد نگاہ نہ ہونے برابر ہوگی جبکہ بعض شہروں میں گرج چمک کے ساتھ درمیانے درجے کی بارش ہوگی‘۔