امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی طغیانی کے باعث کم سے کم 24 افراد ہلاک جبکہ ایک سمر کیمپ میں شریک 20 سے زائد بچیوں سمیت متعدد لوگ لاپتہ ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ٹیکساس کے پہاڑی علاقے میں چند گھنٹے کے دوران شدید بارش کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور لاپتہ ہونے والے افراد کو تلاش کیا جا رہا ہے۔
ٹیکساس کی کیر کاؤنٹی کے وسطی حصے میں کم سے کم 10 انچ بارش ہوئی جس سے دریائے گواڈیلوپ میں سیلاب آ گیا۔
مزید پڑھیں
-
وسطی امریکہ میں بارشوں اور سیلاب سے 12 افراد ہلاکNode ID: 325691
-
امریکہ میں طوفانی بگولوں سے تباہی، کم از کم 22 افراد ہلاکNode ID: 755181
-
لاس اینجلس میں موسم سرما کے دوران اس حد تک آگ کیسے پھیلی؟Node ID: 884212
حکام نے خبردار کیا ہے کہ صورت حال ابھی پوری طرح واضح نہیں ہے اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ لاپتہ افراد کی درست تعداد بھی ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ ہونے والی لڑکیاں ایک ایسے مقام پر سمر کیمپ میں شریک تھیں جو دریائے گوادالوب کے کنارے واقع تھا۔
والدین اپنی لاپتہ ہو جانے والی بچیوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر ڈالتے حکام سے ان کا پتہ چلانے کی درخواستیں کر رہے ہیں۔
کیر کاؤنٹی کے شیرف لیرے لیتھا نے جمعے کی شام کو صحافیوں سے گفتگو میں بتایا تھا کہ شدید بارشوں کا سلسلہ صبح کے وقت شروع ہوا جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔
اس علاقے کو ہل کنٹری بھی کہا جاتا ہے اور سمر کیمپس کے لیے مشہور ہے اور ہر سال ہزاروں بچے یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
ریاستی حکام نے ایک دن قبل ہی ممکنہ خراب موسم کے حوالے سے خبردار کرنا شروع کر دیا تھا، نیشنل ویدر سروس کی جانب سے تین سے چھ انچ بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی تاہم بارش 10 انچ سے بھی زیادہ پڑی۔

حکام کا کہنا ہے کہ دریائے گوادالوپ کی سطح صرف 45 منٹ کے دوران 26 فٹ تک بلند ہوئی۔
1987 میں اسی علاقے آنے والی اس سکول بس کو بارش کا پانی بہا کر لے گیا تھا جس میں سوار بچے سمر کیمپ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے اور 10 طلبہ ڈوب گئے تھے۔
ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے جمعے کو رات گئے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ریسکیو آپریشن شروع کر دیے گئے ہیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اسی طرح صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی واقعے پر تشویش کا اظہار کیا جب ان سے ایئر فورس ون میں گفتگو کے دوران صحافیوں نے ان سے حکومتی اقدامات کے بارے میں پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کا خیال رکھیں گے اور تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
امریکہ کے محکمہ موسمیات نے علاقے میں فلڈ ایمرجنی کا اعلان کیا ہے۔
سٹی مینیجر ڈیلٹن رائس نے صحافیوں کو بتایا کہ علی الصبح ہونے والی شدید بارشوں کے حوالے سے کوئی خاص وارننگ جاری نہیں کی گئی، جس سے ممکنہ صورت حال کی مناسبت سے اقدامات نہ ہو سکے اور پیشگی طور پر لوگوں کو نکالا بھی نہ جا سکا۔
