Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈر19 ورلڈ کپ: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا، اگلا میچ انڈیا سے

پاکستان کے بولر عبدالسبحان نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: گیٹی ایمجز)
انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
منگل کو ہرارے میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے سیمرز علی رضا اور عبدالسبحان نے مجموعی طور پر سات وکٹیں حاصل کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو صرف 110 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا۔
دونوں بولرز ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب اوپنر سمیر منہاس کی ناقابلِ شکست 76 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان نے 32.5 اوورز قبل ہی کامیابی سمیٹ لی۔ یہ مسلسل دوسرے میچ میں منہاس کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری تھی۔
اس فتح سے پاکستان کا نیٹ رن ریٹ بہتر ہوا ہے اور سپر سکس مرحلے کے گروپ 2 میں مقابلے کی فضا اب بھی باقی ہے، جہاں پاکستان کا اگلا میچ روایتی حریف انڈیا کے خلاف ہو گا۔
بولنگ میں پاکستان نے محض 13.3 اوورز میں نیوزی لینڈ کو 67 رنز پر سات وکٹوں تک محدود کر دیا تھا۔ مارکو ولیم الپے تیسرے اوور میں علی رضا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ٹام جونز 10 اور ہیوگو بوگ  نے 39 رنز کے ساتھ 48 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم بائیں ہاتھ کے سیمر محمد صیام نے جونز کو آؤٹ کر کے یہ پارٹنرشپ توڑ دی۔ چار گیندوں بعد عبدالصبحان نے بوگ کو بھی پویلین واپس بھیج دیا اور نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی۔
نیوزی لینڈ کے نمبر 5 سے 8 کے بلے باز مجموعی طور پر صرف آٹھ رنز کا اضافہ کر سکے، جب کہ برینڈن میٹزوپولوس اور جسکرن سندھو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ آخری چار بیٹسمین کے 42 رنز کی بدولت سکور 110 تک پہنچ سکا، مگر پوری ٹیم 28.3 اوورز میں آؤٹ ہو گئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنر حمزہ ظہور جلدی آؤٹ ہوگئے، تاہم ان کے ساتھی سمیر منہاس نے جارحانہ کھیل جاری رکھا۔
منہاس اور عثمان خان کے درمیان 67 رنز کی شراکت قائم ہوئی، جس میں عثمان خان کا حصہ صرف 15 رنز تھا۔ منہاس نے اپنی اننگز میں دس چوکے اور دو چھکے لگائے۔
نمبر چار پر فرحان یوسف کے ساتھ مل کر منہاس نے میچ کا اختتام آخری دو گیندوں پر لگائے گئے دو چھکوں سے کیا، جبکہ میچ میں 197 گیندیں ابھی باقی تھیں۔

شیئر: