دنیا کے مقبول ترین ٹک ٹاکر، سینیگال سے تعلق رکھنے والے خابی لیم نے تقریباً 900 ملین ڈالر مالیت کا ایک تاریخی کمرشل معاہدہ طے کر لیا ہے، جسے عالمی ڈیجیٹل کریئیٹر اکانومی کی تاریخ کے بڑی کاروباری ڈیلز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
بزنس انسائڈر افریقہ کے مطابق یہ معاہدہ امریکی سٹاک ایکسچینج میں درج کمپنی رچ سپارکل ہولڈنگز کے ساتھ طے پایا ہے، جس کے تحت خابی لیم نے اپنی کمپنی سٹیپ ڈسٹنکٹیو لمیٹڈ کا ایک حصہ فروخت کیا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ایک وسیع سٹریٹیجک شراکت داری بھی قائم کی گئی ہے جس کا مقصد خابی لیم کے عالمی کمرشل آپریشنز کو بڑے پیمانے پر وسعت دینا ہے۔
مزید پڑھیں
معاہدے کے مطابق رِچ سپارکل کو ابتدائی طور پر 36 ماہ کے لیے خابی لیم کے تمام عالمی کمرشل حقوق حاصل ہوں گے۔ ان حقوق میں برانڈ پارٹنرشپس، اشتہاری معاہدے، لائسنسنگ اور ای کامرس منصوبے شامل ہیں۔ یہ ماڈل روایتی انفلوئینسر مارکیٹنگ سے ہٹ کر ایک مکمل پلیٹ فارم بیسڈ بزنس سٹرکچر کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
رِچ سپارکل کا کہنا ہے کہ ٹریفک، سپلائی چین، آپریشنز، فل فلمنٹ اور اپنی ملکیتی ٹیکنالوجی کو یکجا کرنے والا یہ مربوط ماڈل، مکمل نفاذ کے بعد سالانہ 4 ارب ڈالر سے زائد کی فروخت پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس ڈیل کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ خابی لیم اب رِچ سپارکل ہولڈنگز میں کنٹرولنگ شیئر ہولڈر بن جائیں گے، جس سے وہ صرف ایک تخلیقی شراکت دار نہیں بلکہ اپنے برانڈ کے گرد قائم کیے جانے والے پورے کمرشل انفراسٹرکچر میں ایکویٹی سٹیک ہولڈر کی حیثیت اختیار کر لیں گے۔

یہ قدم کریئیٹر اکانومی میں اثر و رسوخ کو براہِ راست کاروباری ملکیت میں تبدیل کرنے کی ایک بڑی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق، یہ محض ایک ایکویٹی ڈیل نہیں بلکہ عالمی کنٹینٹ ای کامرس ماڈل میں ایک بنیادی تبدیلی ہے۔ رِچ سپارکل کا کہنا ہے کہ امریکی لسٹڈ پلیٹ فارم، عالمی سطح پر پہچانی جانے والی کنٹینٹ آئی پی، اور مضبوط سپلائی چین مہارت کا امتزاج غیر معمولی شیئر ہولڈر ویلیو پیدا کر سکتا ہے۔
اس کمرشل حکمتِ عملی کا ابتدائی نفاذ امریکہ، مشرقِ وسطیٰ اور جنوب مشرقی ایشیا میں کیا جائے گا، جبکہ مکمل عملدرآمد آئندہ تین سال میں مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔
اس منصوبے میں چین کی کنٹینٹ کامرس کمپنی Anhui Xiaoheiyang Network Technology Co بھی شراکت دار ہو گی، جو بڑے پیمانے پر کریئیٹر لیڈ ای کامرس کے تجربے کی حامل ہے۔
خابی لیم کی شہرت کا سفر
خابی لیم نے خاموش اور سادہ ویڈیوز کے ذریعے عالمی شہرت حاصل کی تھی، جن میں وہ پیچیدہ اور غیر ضروری لائف ہیکس کو مزاحیہ انداز میں مسترد کرتے ہیں۔
بغیر الفاظ کے یہ فارمیٹ زبان کی رکاوٹوں سے آزاد رہا، جس نے انہیں انتہائی تیزی سے دنیا بھر میں مقبول بنا دیا۔
اس وقت خابی لیم کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مجموعی طور پر تقریباً 360 ملین فالوورز ہیں، جو انہیں دنیا کے بااثر ترین ڈیجیٹل کریئیٹرز میں شامل کرتا ہے اور عالمی سطح پر حقیقی رسائی رکھنے والے چند نایاب افراد میں سے ایک بناتا ہے۔













