Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دیہی زندگی کا لطف اٹھائیں‘ باحہ میں کاشتکاری اور سیاحت ساتھ ساتھ

سعودی وزارت باحہ کے لیے 50 مزید لائسنس جاری کرے گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے جنوب مغربی پہاڑی علاقے میں واقع الباحہ کے دیہی کھیت ان سیاحوں کا پسندیدہ مقام بن رہے ہیں جو زندگی کو تیزی کے بجائے نسبتاً کم رفتار پر گزارنا چاہتے ہیں۔
سعودی عرب میں سیاحت کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ سیاحوں کو پکے ہوئے پھلوں کو درختوں سے اتارنے، کھیتی باڑی کے مشاغل، دیہی زندگی کی سحرانگیزی کے ساتھ ساتھ سعودی میزبانی سے بھی لطف اندوز ہونے کا موقع بھی مل رہا ہے۔
سعودی پریس ایجسنی کے مطابق اس ریجن میں 23 لائسنس یافتہ کھیت ہیں۔ توقع ہے ان کھیتوں کی تعداد میں اضافہ ہو جائے گا کیونکہ وزارتِ ماحولیات، آب اور زراعت باحہ میں 50 مزید لائسنس جاری کرے گی۔

یہ اضافہ اس قومی انیشیٹیو کا حصہ ہے جس کے تحت زراعت پر مبنی سیاحت اور دیہی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ اس سلسلے میں کھیت، میراث پر مبنی سیاحت اور زراعت کے ذریعے معیشت میں حصہ ڈالیں گے۔
وزارت نے اس سلسلے میں تعاون کرتے ہوئے شجر کاری کے لیے 15 ہزار چھوٹے پودے تقسیم کیے ہیں جو اس ریجن کی آب و ہوا سے مطابقت رکھتے ہیں۔ ان میں بلیک بیری، پستہ، زعفران، گلاب اور سٹرابیری شامل ہیں۔
اس مقصد کے لیے ساتھ ایسے ماڈل کھیت تیار کیے گئے ہیں جہاں کامیاب کھیتی باڑی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ چھوٹے چھوٹے کھیتوں کو بھی تیار کیا گیا ہے جو زراعت پر مبنی سیاحت کی سرگرمیوں کے لیے مخصوص ہوں گے جن میں پھلوں کو چُننا، مویشیوں کی دیکھ بھال اور شجر کاری شامل ہے۔

سیاحتی زراعت کی ترقی کے لیے کھیتوں کے مالکان کے لیے پانچ ورکشاپس اور کاروباری افراد کی تربیت کے لیے کئی سیشنز کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
وزارت نے لائسنس دینے کے طریقے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے 25 ورکشاپس منعقد کی ہیں اور 114 فیلڈ وزٹس کا بھی اہتمام کیا ہے جس کے تحت زراعت کے لیے لائسینس کے حصول کے طریقۂ کار میں سہولت پیدا کی جا رہی ہے۔
لائسنس یافتہ کھیت مخلتف گورنریٹس میں پھیلے ہوئے ہیں اور ان سے مختلف طرح کے تجربات حاصل ہو سکتے ہیں جن میں روایتی میزبانی کو خطے کی زرعی اور ثقافتی شناخت کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے۔

یہاں آنے والے مقامی طباخی کا مزہ چکھ سکتے ہیں، زرعی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں، سماجی روایات اور دستکاری کے بارے میں بھی مزید بہت کچھ حاصل کر سکتے ہیں۔
گرمیوں کے مہینوں میں ان کھیتوں میں تازہ پھل دسیتاب ہوتے ہیں جن میں انگور، انجیر، انار، بلیک بیری، ناشپاتی اور آرڑو شامل ہیں۔

 

شیئر: