سعودی عرب میں والدہ کے قتل میں ملوث بیٹے کو سزائے موت
کرمنل کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ نے بھی بحال رکھا۔( فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ’ والدہ کے قتل میں ملوث سنگدل بیٹے کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ’ مدینہ منورہ میں مقیم سعودی شہری خالد بن قاسم اللقمانی نے اپنی والدہ مدینہ بنت مسلم البلادی پر تیز دھار آلے سے متعدد وار کیے جس سے موقع پر ان کی موت واقع ہوگئی۔‘
پولیس نے ملزم کو جلد گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اقبالِ جرم کرلیا۔
چالان کرمنل کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں تمام شواہد اور اقبالی بیان کی روشنی میں عدالت نے قصاص کا حکم صادر کردیا۔
کرمنل کورٹ کے فیصلے پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا مگر جرم کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے عدالت نے ابتدائی سزا کے فیصلے کو بحال رکھا۔
