کیا پٹرول کے رنگ میں فرق اس کے غیرمعیاری ہونے کی علامت ہے؟
پٹرول کے معیار کو جانچنے کے لیے لیبارٹری تجزیہ کیا جاتا ہے (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں پٹرول سٹیشنز کی نگران کمیٹی ’وقود‘ کا کہنا ہے ’پٹرول کے رنگ میں معمولی فرق اس کے غیرمعیاری ہونے کی علامت نہیں ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو جس میں دعوی کیا جارہا تھا کہ بعض پٹرول سٹیشنز پرفروخت کیا جانے والا 91 پٹرول کا رنگ گہرا نہیں جو غیرمعیاری ہے۔‘
پٹرول کی نگران کمیٹی کی جانب سے وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ’ پٹرول 91 اور 95 کو سبز اور سرخ رنگ دیا گیا ہے جو ان کو جدا کرنے کی علامت ہے۔ رنگ سے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ پٹرول غیرمعیاری ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا’ پٹرول کے معیار کو جانچنے کے لیے متعلقہ کمیٹی مستقل بنیادوں پر پٹرول پمپس سے نمونے حاصل کرکے ان کا لیبارٹری تجزیہ کرتی رہتی ہے تاکہ غیرمعیاری یا ملاوٹ شدہ پٹرول کی نشاندہی کی جائے۔ رنگ کے گہرا اور ہلکا ہونے سے اس کے معیار پر فرق نہیں پڑتا ۔
نگران کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ پٹرول کے بارے میں شکایات کے لیے ٹول فری نمبر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے علاوہ ازیں ’خدمہ الشرکا‘ ایپ کے ذریعے بھی شکایات ریکارڈ کرائی جاسکتی ہیں۔
