کراچی کے فلیٹ میں مردہ پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کے بھائی نوید اصغر کراچی پہنچ گئے ہیں تاکہ اپنی بہن کی میت وصول کر کے اسے لاہور منتقل کریں۔
پولیس سے بات کرتے ہوئے نوید اصغر نے بتایا کہ ان کے والد اور عمر رسیدہ والدہ صدمے کی حالت میں ہیں اور طبی وجوہات کی بنا پر کراچی سفر نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ والدین کو کچھ تسلی دینے کے بعد وہ اکیلے کراچی روانہ ہوئے تاکہ بہن کی میت لے جا سکیں۔ نوید اصغر کی جانب سے قانونی کارروائی مکمل کیے جانے کے بعد امکان ہے کہ حمیرا اصغر کی میت آج رات لاہور روانہ کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
-
شواہد سے لگتا ہے حمیرا اصغر کی موت اکتوبر 2024 میں ہوئی: پولیسNode ID: 892047
اداکارہ حمیرہ اصغر کے اہلخانہ نے ایس ایس پی ساؤتھ سمیت دیگر افسران سے ملاقات کی
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمیرا اصغر کے بھائی اور بہنوئی کراچی آئے ہیں اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
ان کے مطابق ورثا میت لاہور لے جانا چاہتے ہیں، انہوں نے فوری کسی شک و شبے کا اظہار نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2024 کے بعد سے خاتون کے رابطے منقطع تھے۔ حمیرا اصغر خود فیملی سے رابطہ کرتی تھیں، فیملی ان سے رابطے میں نہیں رہتی تھی۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ جس عمارت میں حمیرا ارشد کا فلیٹ تھا وہاں ہر فلور پر دو فلیٹس بنے ہیں۔ پڑوس کے فلیٹ میں مقیم افراد بھی فروری 2025 میں بیرون ملک سے واپس آئے تھے۔ ممکنہ طور پر لاش سے اٹھنے والا تعفن اسی وجہ سے کسی کو محسوس نہیں ہوا۔