فلسطین میں جاری اسرائیلی قابض افواج کی جاری جارحیت سے جمعرات کے روز غزہ پٹی میں 48 افراد ہلاک اور دسیوں زخمی ہوگئے جن میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ۔
سبق نیوز نے فلسطینی طبی ذرائع کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ جمعرات کو اسرائیلی قابض افواج کی بمباری سے ہلاک ہونے والوں میں 17 افراد ایک ہی واقعے میں جان سے گئے ۔
مزید پڑھیں
اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے وسطی غزہ کے شہر’دیر البلح‘ میں بچوں کےلیے غذائی سپلیمنٹس تقسیم کرنے کے دوران بمباری کی گئی اس حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد کم عمر بچوں کی تھی جو امداد لینے کے لیے وہاں آئے تھے۔
دوسری جانب خان یونس کے علاقے میں مہاجرین کی خیمہ بستی پر بھی گیس بم گرائے گئے جبکہ غزہ کے مختلف علاقوں میں شدید فضائی اور توپ خانے سے حملے کیے گئے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی۔
واضح رہے غزہ پٹی میں جاری اسرائیلی بمباری نے وہاں انسانی بحران کو شدید ترکردیا ہے۔ وہاں پہلے ہی خوراک ، پانی ، ادویات اور بجلی کی شدید قلت ہے۔
اس حوالے سے اقوام متحدہ نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر فوری جنگ بندی نہ ہوئی تو صورتحال ایک ناقابل تصور انسانی المیے میں تبدیل ہوسکتی ہے۔