جدہ میں پاور بوٹ ریس چیمپئن شپ کا انعقاد ہوگا
اتوار 13 جولائی 2025 9:44
’یہ عالمی ایونٹ جدہ سیزن 2025 کے پروگراموں اور تقریبات کا حصہ ہے‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ جدہ فارمولہ ون ورلڈ پاور بوٹ ریس چیمپئن شپ کے چوتھے مرحلے ’جدہ گرانڈ پری‘ کی میزبانی کرے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ عالمی ایونٹ جدہ سیزن 2025 کے پروگراموں اور تقریبات کا حصہ ہے‘۔
واضح رہے کہ اس عالمی ایونٹ کی میزبانی، جدہ شہر کی بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں کے نقشے پر بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے اور سعودی عرب کی اس وژن کی توثیق کرتی ہے جس کے تحت وہ عالمی سطح کے بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لیے اپنی موجودگی کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔
دوسری جانب پاور بوٹ ریسنگ کے سی ای او ریموندو دی سان جیرمانو نے سعودی عرب کی جانب سے فارمولہ ون پاور بوٹ ریس چیمپئن شپ کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم جدہ شہر میں اس سنسنی خیز مقابلے کو دیکھنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’یہ شراکت داری طویل المدتی تعاون کا آغاز ہے اور مختلف سطحوں پر چیمپئن شپ کی ترقی میں مددگار ثابت ہوگی‘۔