Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں فضائی ٹکٹوں کی قیمت میں نمایاں اضافہ

’پہلی ششماہی میں بین الاقوامی ٹکٹ کی اوسط لاگت میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں جولائی کے دوران فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس اضافے کی وجہ مقامی اور بین الاقوامی عوامل کا مجموعہ ہے جنہوں نے مارکیٹ پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
 حالیہ اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ سال 2025 کی پہلی ششماہی میں بین الاقوامی ٹکٹ کی اوسط لاگت میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں میں کرایوں میں نمایاں فرق کا سامنا ہے۔
 اس کے اہم اسباب میں ہوائی اڈوں کی فیسوں میں اضافہ، آپریٹنگ اخراجات، اجرتیں اور دیکھ بھال کے اخراجات شامل ہیں۔
ایئرلائنز کی تجزیاتی رپورٹس اور امریکن ایکسپریس کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی مارکیٹ میں ٹکٹوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ گرمیوں، حج اور عمرہ کے سیزن میں سفر کی مانگ میں اضافہ بھی قیمتوں کے بڑھنے کا باعث بنا ہے جس نے ایئرلائنز کو آپریٹنگ اخراجات پورے کرنے کے لیے کرایوں میں اضافہ کرنے پر مجبور کیا ہے۔
اس صورتِ حال میں بہت سے مسافر قیمتوں میں اضافے سے بچنے کے لیے غیر مصروف اوقات میں سفر کی منصوبہ بندی کو ترجیح دے رہے ہیں۔
 ایئرلائنز بڑھتے اخراجات اور طلب کے ساتھ اپنے آپریٹنگ منافع کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ہوابازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہے گا اور یہ رجحان سال کی تیسری سہ ماہی کے اختتام تک برقرار رہ سکتا ہے جبکہ گرمیوں اور عمرہ کے سیزن کے بعد اس میں معمولی کمی کا امکان ہے۔
 مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں اور روانگی سے کم از کم 6 سے 8 ہفتے قبل بکنگ کروائیں تاکہ ممکنہ اضافے سے بچا جا سکے اور بہترین قیمتیں حاصل کی جا سکیں۔

شیئر: