مکہ اور مدینہ میں گرد، مشرقی ریجن میں شدید گرمی
’ساحلی علاقوں سمیت جازان تک جانے والی ساحلی روڈ میں حد نگاہ انتہائی محدود رہے گی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج پیر کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، نجران اور ریاض میں گرد وغبار ہوگا جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی۔
جبکہ ساحلی علاقوں سمیت جازان تک جانے والی ساحلی روڈ میں حد نگاہ انتہائی محدود رہے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں میں ابر ہیں جن کے باعث بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ مشرقی ریجن ابھی تک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔
تفصیلات جاری کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ ریجن کے شہر اللیث اور الشعیبہ کے لیے نارنجی الرٹ جاری کردیا گیا ہے جہاں شام 8 بجے تک گرد رہے گی‘۔
’جبکہ القنفذہ، العرضیات، الخرمہ، المویہ اور تربہ میں کم حد کے ساتھ گرد ہوگی ‘۔
’ادھر مدینہ منورہ شہر کے علاوہ العیص، ینبع، خیبر اور الرایس میں 49 کلو میٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے تیز ہوا چلے گی جبکہ مطلع گرد آلود رہے گا‘۔
’ریاض اور نجران کی بھی یہی صورتحال ہوگی جبکہ شام 8 بجے تک گرد ہوگی اور حد نگاہ متاثر رہے گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مشرقی ریجن کے تمام شہر ابھی تک شدید گرمی سے متاثر ہیں جہاں دن کے وقت درجہ حرارت 48 ڈگری تک پہنچے گی جبکہ شام 5 بجے کے بعد گرمی کی شدت کم ہوگی‘۔