سعودی وزیرسیاحت احمد الخطیب نے جو سعودی ٹورازم اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں، سعودی سمر پروگرام کے تحت طائف ریجن کا دورہ کر کے اپنے فیلڈ ٹورز کا آغاز کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ پروگرام جسے ’کلر یوئر سمر‘ کے عنوان سے مئی میں شروع کیا گیا تھا، ستمبر تک جاری رہے گا۔
مزید پڑھیں
انہوں نے دورے میں طائف کے پر فضا مقام پر سیاحتی شعبے میں خدمات انجام دینے والے افراد سے بھی ملاقاتیں کیں تاکہ وہ سیاحوں کے تجربے، سہولتوں کے جائزے اور خدمات کی کوالٹی کی نگرانی کر سکیں۔
انھوں نے دورے پر اطمینان کا اظہار کیا، طائف کے حسن اور معتدل آب وہوا کا خاص طور پر ذکر کیا جو اسے مملکت اور ریجن میں ایک کلیدی سیاحتی مقام بننے میں مدد سکتی ہے۔
اس میں جدہ اور بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں سے لے کر طائف، الباحہ اور عسیر کے وہ پہاڑی مقامات دکھائے جائیں گے جہاں لوگ آرام اور سیر و تفریح کی غرض سے جا سکتے ہیں۔
اس پروگرام کے تحت پرائیوٹ سیکٹر کے 200 سے زیادہ شعبوں کے ساتھ شراکت کر کے 250 ڈیلز کی بھی پیشکش کی جائے گی۔

سیاحت کا ڈیٹا ظاہر کرتا ہے کہ طائف نے گزشتہ برس 3.6 ملین ملکی و غیرملکی سیاحوں کو خوش آمدید کہا جو 2023 سے 9 فیصد زیادہ ہے۔ سیاحت پر سالانہ اخراجات 3.4 بلین سعودی ریال تک پہنچ گئے۔
اتھارٹی نے 266 ٹور ازم کے لائسنس جاری کیے جبکہ جون 2025 تک ہوٹلوں میں 10 ہزار 220 کمروں کی رجسٹریشن کی گئی۔
احمد الخطیب نے کہا ’اس سال ہمارا ہدف 18 ممالک سے 41 ملین سے زیادہ سیاحوں کا خیرمقدم کرنا ہے۔ سیاحت کے شعبے میں اخراجات کو 73 بلین سعودی ریال تک لے جانا ہے۔

یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ سیاحت کے لیے سعودی عرب کے دنیا کی بہترین جگہ ہونے کی شہرت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جہاں آنے والوں کو سال بھر یادگار تجربات حاصل ہوتے ہیں۔
مملکت کا ہدف ہے کہ بہتر انفراسٹرکچر، متنوع تجربات، اعلی رابطوں کی سہولت اور سفری طریقِ کار کو سادہ اور کارگزار بنانے سے مملکت میں آنے والے سیاحوں کی تعداد 2030 تک 150 ملین تک پہنچ جائے۔
یاد رہے عسیر اپنے سمر سیزن کی بھی میزبانی کر رہا ہے جس میں موسیقی، فن اور ثقافتی ایونٹس ہوں گے۔ اس پروگرام کی خاص بات المفتاحہ گاؤں اور پلیٹو ایونٹس ہیں۔
اس کے علاوہ اونچے پہاڑوں اور خوشگوار موسم میں آؤٹ ڈور سرگرمیاں اور ایڈونچر ٹریلز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

ریاض ای سپورٹس ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے جو 9 جولائی سے شروع ہو کر 24 اگست تک جاری رہے گا جس میں دنیا بھر سے لوگ آ رہے ہیں۔ شہر میں گرمیوں کے سیزن میں فنکارانہ اور ثقافتی ایونٹس اور کئی تفریحی شو بھی ہوں گے۔
جدہ اپنے ساحلی بیچز اور آرام دہ اور شاندار ہوٹلوں میں مہمانوں کو خوش آمدید کہہ رہا ہے۔ اس کی متنوع سمندری سرگرمیاں اور آرام کے لیے مخصوص ایونٹس جدہ کو پانی کے کھیلوں کے شوقین افراد اور فیملیز کے لیے ایک آئڈیل منزلِ مقصود بنا دیتے ہیں۔
یہاں آنے والے سٹی واک پر بھی جا سکتے ہیں اور سرکس 1903 کی پرفارمینسز کا لطف بھی اٹھا سکتے ہیں۔
