Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کا اجلاس، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر مملکت کے موقف کا جائزہ

کابینہ کا اجلاس جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت منعقد ہوا(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے علاقائی اور بین الاقوامی اجلاسوں میں مملکت کے موقف کا جائزہ لیا جن سے نہ صرف مشترکہ مفادات کو فروغ ملا بلکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کےلیے کوششوں کو بھی تقویت ملی۔
کابینہ کا اجلاس منگل کو جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں مقامی اور عالمی حوالوں سے مختلف امور پر غور کیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر مملکت و رکن کابینہ اور قائمقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر عصام بن سعد بن سعید نے بتایا  کابینہ نے اقوام متحدہ میں ہونے والے اعلی سطح کے بین الاقوامی اجلاس میں سعودی عرب کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ کےلیے کوششوں کو سراہا۔
اجلاس میں مملکت کی جانب سے موسمیاتی چیلنجز خاص طورپر گردو غبار کے طوفانوں سے نمٹنے کے لیے انتباہی نظام کو فروغ دینے کی تعریف کی گئی۔
ارکین کابینہ نے مصنوعی ذہانت کو نصاب تعلیم میں شامل کرنے کے اقدام کو بھی سراہا جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نئی نسل تیار کرنا ہے جو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔
فروغِ سیاحت کے حوالے سے ارکین کابینہ نے 2025 کی پہلی سہ ماہی میں سیاحت کے میدان میں حاصل ہونے والی نمایاں کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا۔

مختلف ممالک کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی گئی (فوٹو: ایس پی اے)

کابینہ نے مالیاتی شعبے کی ترقی اور انسانی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے پروگراموں کی کامیابی کا ذکر کیا جن میں مالیاتی پائیداری، قومی معیشت کا استحکام اور سعودی شہریوں کی عالمی سطح پر مسابقت میں شرکت شامل تھی۔
اجلاس میں ایجنڈے میں شامل مختلف امور پر غور کیا جن میں شوری کونسل کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات شامل تھیں جبکہ سیاسی و سکیورٹی امور، اقتصادی و ترقیاتی معاملات و دیگر نکات شامل تھے۔
ارکین کابینہ نے متفقہ طورپر وزارتوں کومختلف ممالک کے ساتھ  مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دی۔
علاوہ ازیں داخلی سطح پر اعلی عہدیداروں کی ترقی کے بھی احکامات صادر کیے گئے۔

 

شیئر: