Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ ادائیگی میں سہولت، طواف کا دورانیہ 42 منٹ

92 فیصد عمرہ زائرین صحن مطاف سے طواف کرتے ہیں۔ (فوٹو الحرمین)
ادارہ امور حرمین شریفین کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں زائرین کی سہولت کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے عمرہ ادا کرنے کا اوسط وقت 116 منٹ ہو گیا۔
سبق ویب کے مطابق ادارہ حرمین کی جانب سے  رواں ماہ کیے گئے گراؤنڈ سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 92 فیصد عمرہ زائرین صحن مطاف سے طواف کرتے ہیں جہاں طواف کا دورانیہ کم ہو جاتا ہے جبکہ صحن کو بھی طواف کرنے والوں کے لیے مخصوص کرنے سے بھی زائرین کو کافی سہولت ہوتی ہے۔
رپورٹ کی تفصیلات میں مزید کہا گیا ہے کہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے مجموعی طور پر 116 منٹ کا وقت لگتا ہے جس میں زائر کے مسجد الحرام میں داخل ہونے سے لے کر طواف کرنے اور مطاف سے مسعی کی جانب جانے اور وہاں سعی کرنے کا دورانیہ شامل ہے۔
گراؤنڈ سروے کے مطابق صحن مطاف سے طواف کے لیے 42 منٹ جبکہ سعی کے سات چکر 46 منٹ میں مکمل ہوجاتے ہیں۔ مسجد الحرام میں داخل ہونے اور صحن مطاف میں پہنچنے کے لیے 15 منٹ جبکہ مطاف سے مسعی (سعی، صفا کا مقام)  جانے  میں 13 منٹ کا وقت درکار ہوتا ہے۔
سعی کے سات چکر مکمل کرنے کے بعد عمرہ زائر مروہ کی جانب سے مسجد الحرام سے باہر نکل جاتے ہیں اس طرح مجموعی طورپر عمرہ میں 116 منٹ کا وقت لگتا ہے۔
واضح رہے ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے زائرین کی سہولت کے لیے صحن مطاف کو صرف عمرہ ادا کرنے والوں کے لیے ہی مخصوص کیا گیا ہے تاکہ مطاف میں ازدحام زیادہ نہ ہو اور زائرین آرام سے طواف کرسکیں۔ وہ زائرین جو صرف طواف کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے بالائی منزلیں مخصوص کی گئی ہیں۔

 

 

شیئر: