سعودی کابینہ کے اجلاس میں کامیاب حج سیزن کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ 16 لاکھ سے زائد افراد نے اطمینان و سکون سے مناسک حج ادا کیے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق کابینہ کا اجلاس ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرصدارت جدہ میں ہوا۔
مزید پڑھیں
کابینہ نے اعلی حج کمیٹی کی جانب سے مثالی حج انتظامات کو سراہا جس کے تحت حج سیزن کامیابی سے مکمل ہوا۔
اجلاس نے ایران کے حجاج کی بری و فضائی راستے سے بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ ضیوف الرحمان کی خدمت مملکت کی قیادت کی اولین ترجیح ہے۔
ولی عہد نے ارکین کابینہ کو ان مکتوبوں کے بارے میں مطلع کیا جو مختلف ممالک کے سربراہان کی جانب سے خادم حرمین شریفین کو ارسال کیے گئے جن میں مملکت اور ان ممالک کے مابین تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا جائزہ لیا گیا۔
کابینہ نے بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال پر مملکت کے اس موقف کا اعادہ کیا جس میں ولی عہد نے برادر اور دوست ممالک کے قائدین سے اظہارخیال کرتے ہوئے عالمی و علاقائی سلامتی کے لیے بحرانوں سے نمٹنے اور تناو میں کمی کے لیے سیاسی حل اور بین الاقوامی کوششوں کو اہم قرار دیتے ہوئے ان کی سپورٹ کی تھی۔

کابینہ نے قطر سے اظہار یکجہتی کےلیے مملکت کی جانب سے جاری بیان کو سراہا جس میں قطر کی خود مختاری کی خلاف ورزی یا خطرے کو مسترد کیا گیا تھا۔
وزیر مملکت و رکن کابینہ و قائمقام وزیر اطلاعات ڈاکٹرعصام بن سعید نے اجلاس کی کارروائی کے حوالے سے بتایا کہ اجلاس میں ارکین نے برادر فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو مسترد کرتے ہوئے زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کے حل اورعوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی برادری کا کردار اہم ہے۔
