موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری، راولپنڈی میں ایمرجنسی نافذ، جہلم میں فوج کی مدد طلب
جمعرات 17 جولائی 2025 9:04
کئی مقامات پر لوگوں کے گھروں کے اندر بھی بارش کا پانی آیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں رات سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جہلم میں سیلابی صورت حال کے باعث فوج کی مدد طلب کر لی گئی ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ایک دن کی مقامی چھٹی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 234 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے، گوال منڈی اور کناریاں کے علاقوں کے لیے انخلا کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 16 فٹ جبکہ گوال منڈی میں 16.5 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، 20 فٹ تک پہنچنے پر ملحقہ علاقوں کو خالی کرایا جائے گا۔
موسمیاتی حالات کے پیش نظر ضلع راولپنڈی میں ایک دن کی چھٹی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
رہائشیوں کو احتیاط برتنے اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے متعلقہ اداروں سے تعاون کرنے کا کہا ہے۔
راولپنڈی میں اب تک 199 ملی میٹر بارش ریکاڈ کی گئی ہے جبکہ چکلالہ میں 180، سید پور میں 110، گولڑہ میں 149، بوکرہ میں 157، شمسا آباد میں 128، پیر ودھائی میں 157، گوال منڈی میں 165 اور نیو کٹاریاں میں 160 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے کہا ہے کہ واسا، آر ڈبلیو ایم سی اور انتظامیہ کی ٹیموں کے ساتھ شہری تعاون کریں اور نشیبی علاقوں میں پانی کے نزدیک نہ جائیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر کے 12 مقامات پر ریسکیو پوائنٹس قائم کر دیے ہیں جبکہ ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو نشیبی علاقوں سے نکالنے کے لیے بھی عملہ موجود ہے۔
مری میں سالگراں کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ، آمد و رفت متاثر
سیاحتی مقام مری میں سالگراں کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جس سے جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو گئی ہے۔
ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
شہریوں کو جی ٹی روڈ کے بجائے مری ایکسپریس وے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کراچی شہر میں مون سون کے تیسرے سپیل کا آغاز
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں مون سون کے تیسرے سپیل کا آغاز ہونے جا رہا ہے، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔
آج جمعرات کو شہر کا مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ رات کے وقت بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
