سعودی ولی عہد سے شامی صدر کا رابطہ ، تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال
جمعرات 17 جولائی 2025 18:35
جمہوریہ شام کی حمایت اوراسرائیلی حملوں کی مذمت کی (فوٹوُ، ایکس اکاونٹ)
سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے جمہوریہ شام کے صدر احمد الشرع نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ٹیلی فونک رابطے کے آغاز میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے شام میں حالیہ واقعات پر قابو پانے کے لیے شامی صدر کے اعلان کردہ انتظامات اور اقدامات کا خیر مقدم کیا ۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شام کی وحدت وسالمیت اور قومی یکجہتی کے تحفظ کےلیے باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ضروری ہے جوملک کے امن و استحکام کویقینی بنانے کے لیے اہم ہے۔
ولی عہد نے جمہوریہ شام پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اس حوالے سے مملکت کے موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پربھی زوردیا کہ عالمی برادری شامی حکومت کو درپیش چیلنجز سے نمنٹے کے لیے ان کی حمایت اورکسی بھی بیرونی مداخلت کو روکنے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔
دوسری جانب شامی صدر احمد الشرع نے سعودی عرب کی طرف سے شام کی حمایت پرشکریہ ادا کرتے ہوئے ولی عہد کی جانب سے شام اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔