ایوان شاہی کے مشیراور شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے تصدیق کی ہے کہ کامیاب آپریشن کے بعد جڑی ہوئی سعودی بچیوں ’لارا اور یارا‘ کی حالت تسلی بخش ہے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ چار دن تک مصنوعی تنفس سسٹم ہٹا لیا جائے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق نچلے دھڑ سے جڑی ہوئی سعودی بچیوں کو علیحدہ کرنے کا آپریشن چار دن قبل ریاض کے شاہ عبداللہ سپیشلسٹ ہسپتال میں کیا گیا تھا۔

بچیوں کا معائنہ کرنے کے بعد ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا کہ ان کی حالت تیزی سے بہتر ہورہی ہے۔ آنتوں کے زخم بھی تیزی سے بھر رہے ہیں۔
خوراک کے لیے لگائی گئی نالی بھی جلد ہٹا لی جائے گی تاکہ ان کی آنتیں قدرتی طورپرخوراک کو قبول کرنے کے قابل ہوسکیں۔
انہوں نے مزید کہا’ بچیاں انتہائی نگہداشت میں ہیں اور انفیکشن سے بچانے کےلیے اینٹی بائیوٹکس دی جا رہی ہیں، جس سے وہ روبصحت ہیں۔‘
واضح رہے سعودی بچیاں جو نچلے دھڑ سے جڑی ہوئی تھیں کو الگ کرنے کا آپریشن 17 جولائی کو کیا گیا تھا جو 12 گھنٹے پر مشتمل تھا۔ آپریشن میں 38 رکنی طبی عملے نے شرکت کی۔