رائل سعودی نیول فورس کے چیف کی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات
جمعرات 24 جولائی 2025 15:33
رائل سعودی نیوی کے چیف آف سٹاف وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمان الغریبی نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں نے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاء میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے میری ٹائم سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور موجودہ دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے باہمی عزم پر زور دیا۔
قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر سہ فریقی دستے کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس سے قبل منگل کو رائل سعودی نیول فورسز کے چیف آف سٹاف ایڈمرل محمد بن عبدالرحمان الغریبی نے پاکستان بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
منگل کو پاکستان بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ رائل سعودی نیول فورسز کے چیف آف سٹاف ایڈمرل محمد بن عبدالرحمان الغریبی نے نیول ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا اور اس موقع پر ایڈمرل نوید اشرف نے ان کا استقبال کیا۔
ان کو بحریہ کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
