توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیےسعودی، شامی مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اتوار 27 جولائی 2025 19:43
سعودی وزیر توانائی سے ریاض میں شامی ہم منصب نے ملاقات کی ہے (فوٹو: الاخباریہ)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے جمعے کو ریاض میں شامی ہم منصب انجینیئر محمد البشیر نے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر توانائی کے مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقع، پٹرولیم اور اس کی سپلائی، الیکڑک اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں انہیں بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں سعودی اور شامی وزرا نے توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک مفاہتمی یادداشت پر دستخط کیے۔
قابل تجدید توانائی، ریجنل الیکٹریکل انٹر کنکشن، تیل و گیس، پیٹرو کیمیکل اور دیگر میں تعاون بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ دمشق میں سعودی، شامی سرمایہ کاری فورم کے دوران سعودی عرب نے شام کے ساتھ 6.4 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جو جنگ سے تباہ حال ملک کی تعمیر نو کے لیے مملکت کی کوششوں میں ایک اہم قدم ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بھی شام میں مختلف شعبے توانائی اور صنعت میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔
سعودی ولی عہد کی ہدایات کے تحت فوری طور پرسعودی ، شامی بزنس کونسل قائم کی گئی ہے جس کی سربراہی اکوا پاور کمپنی کے سی ای او محمد عبداللہ ابونیان کریں گے جبکہ کونسل کے ایگزیکیٹو ممبران میں نمایاں سرمایہ کار و تاجر شامل ہیں۔
