ایف آئی اے کی کرنسی سمگلروں کے خلاف کارروائی، پانچ افراد گرفتار
اتوار 27 جولائی 2025 21:18
ایف آئی اے نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی ہے (فوٹو: ایف آئی اے)
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کرنسی کی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقوم کی منتقلی میں ملوث پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی ملک بھر میں کرنسی کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف وسیع پیمانے پر جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔
یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ دنوں میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں شدید کمی دیکھی گئی اور روپے کی قیمت امریکی ڈالر کے مقابلے میں 22 ماہ کی کم ترین سطح، یعنی 284.97 روپے تک گر گئی۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بلوچستان کے مختلف علاقوں خصوصاً کوئٹہ اور چمن میں بڑی کارروائیاں کی گئیں جس کے نتیجے میں کرنسی کے غیر قانونی کاروبار سے منسلک پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث تھے۔‘
بیان کے مطابق کارروائی کے دوران حکام نے چھ لاکھ 84 ہزار پاکستانی روپے، 23 کروڑ پانچ لاکھ ایرانی ریال، ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد افغانی کرنسی، سات سو امریکی ڈالر، دو سو سعودی ریال اور 150 آسٹریلوی ڈالر برآمد کیے۔
ایف آئی اے کے مطابق ’ملزمان کے قبضے سے چیک بکس، حوالہ ہنڈی کی رسیدیں اور بینک ڈپازٹ سلپس بھی برآمد ہوئیں۔ یہ افراد بغیر لائسنس کے کرنسی کا کاروبار کر رہے تھے اور ضبط شدہ کرنسی کے حوالے سے تسلی بخش جواب نہیں دے سکے۔‘
