Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چھ سال بعد سٹیکرز سے وقفہ‘، ہونڈا کی نئی موٹرسائیکل سی جی 150 میں خاص کیا ہے؟

سی جی 150 کی قیمت 4 لاکھ 59 ہزار 900 روپے رکھی گئی ہے۔ (فوٹو: اٹلس ہونڈا)
پاکستان کی معروف موٹرسائیکل ساز کمپنی اٹلس ہونڈا ویسے تو ہر سال ہی اپنی موٹرسائیکلز کے نئے ماڈلز متعارف کرواتی ہے، مگر عوام میں دلچسپی کا عنصر صرف نئے سٹیکرز تک ہی محدود دکھائی دیتا ہے۔
تاہم چھ سال کے وقفے کے بعد اٹلس ہونڈا نے اس بار سٹیکرز سے ہٹ کر واقعی ایک نیا موٹر سائیکل مارکیٹ میں پیش کر دیا ہے۔ اس نئے ماڈل کا نام CG150 ہے۔
پاک ویلز کے مطابق CG150  کی قیمت 4 لاکھ 59 ہزار 900 روپے رکھی گئی ہے۔ اس قیمت پر یہ موٹر سائیکل براہِ راست سوزوکی GS150 سے مقابلہ کرے گی، جو نہ صرف انجن کے لحاظ سے مماثلت رکھتی ہے بلکہ قیمت میں بھی CG150 سے کم ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان میں اس قیمت میں یاماہا  YBR 125بھی دستیاب ہے جو 125 سی سی کا انجن رکھتی ہے، لیکن قیمت تقریباً CG150 جتنی ہی ہے۔
اٹلس ہونڈا نے تاحالCG15  کے انجن کی تفصیلات باضابطہ طور پر جاری نہیں کیں، مگر پاک ویلز کے مطابق ظاہری ڈیزائن اور خصوصیات سے اندازہ ہوتا ہے کہ CG150 میں وہی 150سی سی OHC انجن نصب ہے جو ہونڈا کی CB150F میں استعمال ہوتا ہے۔
اس میں بیلنسر شافٹ بھی شامل ہے جو موٹرسائیکل کے کانپنے کو کم کرتا ہے۔ اس کے انجن کے دونوں اطراف کے کیسنگ بھی CB150F جیسے معلوم ہوتے ہیں۔
ہونڈا CG150 میں کچھ نمایاں خصوصیات شامل کی گئی ہیں، جیسے ایل ای ڈی ہیڈلائٹس، آل فارورڈ گئیر شفٹنگ سسٹم (جو پہلے CG125 اور CD70 میں موجود ہے)، اور سی بی ایس بریکس۔
سی بی ایس کا مطلب ہے کمبائنڈ بریکنگ سسٹم ہے جس کے تحت جب پچھلا بریک لگایا جائے تو آگے کا بریک بھی جزوی طور پر کام کرتا ہے جس سے بریکنگ بہتر ہو جاتی ہے۔
تصاویر کے جائزے سے یہ بھی دیکھا گیا کہ CG150 میں بلیک الائے رمز، فرنٹ ڈسک بریکس اور پہلے سے بہتر ٹیلی سکوپک شاکس شامل کیے گئے ہیں، جو CG125 یا CD70 کے مقابلے میں بہتر سفر مہیا کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ سیلف سٹارٹ سسٹم بھی موٹر سائیکل میں شامل ہے، جس کا ثبوت انجن کے دائیں جانب موجود وہ ابھار ہے جہاں سیلف سٹارٹ موٹر نصب ہوتی ہے۔
اٹلس ہونڈا کی CG150  میں کروم فنشنگ کا وسیع استعمال بھی دیکھا گیا ہے۔ سائلنسر، آگے اور پیچھے کے شاکس، مڈگارڈز، ٹیل لائٹ گارنش اور انڈیکیٹرز سمیت کئی حصے مکمل کروم میں پیش کیے گئے ہیں جو موٹر سائیکل کو ایک چمکدار اور نمایاں ظاہر کرتے ہیں۔

شیئر: