باحہ میں جاری آٹھویں الاطاولہ آرکیولوجیکل ویلیج فیسٹول میں ماہر کاریگروں کی روایتی دستکاریوں کے لائیو عملی مظاہرے میں لوگوں نے خاص دلچسپی دکھائی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فیسٹول کے نگران عثمان الزہرانی نے کہا کہ ’اس ایونٹ میں روایتی دستکاریوں کے لیے 10 سے زیادہ سیکشنز مختص کیے گئے ہیں۔‘
ان میں قدیم تعمیراتی تکنیک، دروازوں اور کھڑکیوں کی نقاشی، تلوار اور خنجر بنانے کا فن، اور سدو بُنائی شامل ہیں۔

فیسٹول میں آنے والے لوگوں کو یہ منفرد موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ روایتی پیشوں کا عملی تجربہ حاصل کریں، جہاں کاریگر سادہ اوزار اور قدرتی مواد استعمال کرتے ہیں جو باحہ کے ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہ ایونٹ ’ایئر آف ہینڈی کرافٹ‘ کے پروگرام کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے، جو مملکت بھر میں روایتی دستکاریوں کو فروغ دینے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
باحہ دستکاری کی صنعتوں کے لیے مشہور ہے، جو اس کے عوام کی شناخت اور تاریخ کی عکاسی کرتی ہیں۔
اس علاقے کے 200 سے زیادہ کاریگروں نے نسلوں سے منتقل ہونے والی 20 منفرد مہارتوں کو برقرار رکھا ہے اور انہیں مقامی بازاروں اور ثقافتی تقریبات میں پیش کرتے ہیں۔