Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکھر کی نارا کینال، شوہر نے بیوی کو مگرمچھ کے جبڑے سے نکال لیا

مقامی شہریوں کے مطابق نارا کینال میں 250 کے لگ بھگ مگرمچھ ہیں۔ فوٹو: سکرین گریب
صوبہ سندھ کے ضلع سکھر میں نہر کے کنارے کپڑے دھونے والی خاتون مگرمچھ کے حملے میں زخمی ہو گئی ہیں۔
مقامی پولیس نے بتایا کہ سکھر کے نارا کینال کے کنارے کپڑے دھونے والی خاتون پر مگرمچھ نے حملہ کیا اور گھسیٹ کر پانی  میں لے گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ صالح پٹ کے علاقے ریاض آباد نارا کینال کی آرڈی 115 میں پیش آیا جہاں مگرمچھ نے ہدایتاں ملاح نامی خاتون کو حملہ کر کے شدید زخمی کیا۔
’مسمات ہدایتاں ملاح نارا کینال کے کنارے کپڑے دھو رہی تھی کہ مگرمچھ نے حملہ کر دیا، مگرمچھ خاتون کو اپنے جبڑے میں دبا کر کئی میٹر تک پانی میں گھسیٹ کر لے گیا۔‘
مقامی افراد کے مطابق خاتون کی چیخ و پُکار پر اس کے شوہر حُب علی ملاح  نے نارا کینال میں چھلانگ لگائی اور تھوڑی دیر جدوجہد کے بعد مگرمچھ سے اپنی بیوی کو چھُڑوایا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مگرمچھ نے خاتون ہدایتاں ملاح کی ٹانگ بُری طرح چبا ڈالی ہے جس کو زخمی حالت میں سول ہسپتال سکھر منتقل کیا گیا۔
’سول ہسپتال سکھر میں مگرمچھ کا شکار ہونے والی خاتون کا علاج جاری ہے۔‘
مقامی شہریوں کے مطابق نارا کینال میں 250 کے لگ بھگ مگرمچھ ہیں جو اکثر و بیشتر لوگوں پر حملہ آور ہوتے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی مگرمچھ کے حملے کا ایک کیس سامنے آیا تھا جب کینال میں ایک مقامی لڑکی کی جان چلی گئی تھی۔

 

شیئر: