Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یکم ستمبر سے دہلی تا واشنگٹن پروازیں معطل کر رہے ہیں، ایئر انڈیا کا اعلان

ایئر انڈیا کے پاس موجود بوئنگ جہازوں کا فلیٹ ہے جن کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
ایئر انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ دہلی سے امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے لیے اپنی پروازیں یکم ستمبر سے معطل کر رہی ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق کمپنی نے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جہاز کم ہیں کیونکہ اُن کو اَپ گریڈ کیے جانے کا پہلے سے ہی منصوبہ تھا۔
ایئر انڈیا کے پاس موجود بوئنگ کے جہاز پرانے ہیں اور پاکستان کی جانب سے ایئر سپیس بند کیے جانے کے بعد کمپنی کو خسارے کا سامنا ہے۔
نئی دہلی اور واشنگٹن ڈی سی کے درمیان پروازوں کی معطلی ایئر انڈیا کے لیے تازہ ترین دھچکہ ہے۔ مشکلات کا شکار ایئر لائن کو احمد آباد میں جون کے ایک حادثے میں 260 افراد کی ہلاکت کے بعد سخت ریگولیٹری جانچ پڑتال کا سامنا ہے۔
ایئر انڈیا کے جہازوں کا بیڑا ماضی میں منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث اپنی عمر پوری کر چکا ہے اور پاکستان کے اوپر سے گزرنے پر پابندی نے کمپنی کے طویل فاصلے کے آپریشنز کو متاثر کیا ہے۔
ایئر انڈیا کی پروازوں کے راستے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث طویل ہو گئے ہیں اور آپریشنل پیچیدگی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ایئرلائن نے اپنے بیڑے کو اپ گریڈ کرنے کے لیے 400 ملین ڈالر کا ریٹروٹ پروگرام شروع کیا ہے۔
تاہم پاکستان کی فضائی حدود کی پابندی کے باعث کمپنی کو خدشہ ہے کہ 12 ماہ کے دوران یہ لاگت 600 ملین ڈالر تک پہنچ ٓ سکتی ہے۔

پاکستان اور انڈیا نے ایک دوسرے کے جہازوں کے لیے فضائی حدود بند کر رکھی ہیں۔ فائل فوٹو: ایئر انڈیا ویب سائٹ

انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشمیر کے علاقے پر تنازعے کے باعث متعدد جنگیں لڑی جا چکی ہیں۔
حال ہی میں دونوں ملکوں کے درمیان ایک محدود جنگ لڑی گئی جو انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر میں سیاحتی مقام پر شہریوں پر مسلح گروہ کے حملے کے بعد بیان بازی اور الزام تراشی سے شروع ہوئی تھی۔
روایتی حریفوں کے درمیان تعلقات خراب ہونے کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کے لیے اپنی اپنی فضائی حدود بند کردی تھیں۔
نئی دہلی نے کشمیر میں حملے کا الزام اسلام آباد پر عائد کیا تھا جبکہ اسلام آباد نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔
ایئر انڈیا نے کہا کہ اس کے مسافروں کے پاس نیویارک، نیوآرک، شکاگو اور سان فرانسسکو میں ایئر لائن کے انٹر لائن پارٹنرز الاسکا ایئر لائنز، یونائیٹڈ ایئر لائنز اور ڈیلٹا ایئر لائنز کے ساتھ واشنگٹن ڈی سی کے لیے پروازوں کا انتخاب کرنے کے آپشنز ہوں گے۔

 

شیئر: