سعودی عرب نے اسرائیلی حکام کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کے ارد گرد نئی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں دہائیوں سے جاری تنازع کے حل کےلیے ایک خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششوں کو روکنے کے حوالے سے اسرائیلی بیانات کی بھی مذمت کی گئی۔
ایس پی اے کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ ’فلسطینی ریاست کے قیام کو روکنے کے اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قانون، فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت اور خود مختار ریاست کے قیام کی ناقابل تنسیخ حق کی خلاف ورزی ہے۔‘
یہ فیصلے اور بیانات اسرائیلی حکومت کی غیر قانونی توسیع پسندانہ پالییسوں کا تسلسل، امن عمل میں رکاوٹ اور دو ریاستی حل کے امکان کو سنگین خطرے میں ڈالتے ہیں۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھی اسرائیل کی جانب سے یروشلم سمیت مغربی کنارے میں تین ہزار 400 نئے یونٹس کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری کی شدید مذمت کی ہے۔
او آئی سی نے زور دیا کہ’ اسرائیلی قبضہ اور آباد کاری غیرقانونی ہے، اور اسے فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔‘