چین اور انڈیا نے دوبارہ براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دونوں ممالک کے سرکاری میڈیا نے بدھ کو یہ خبر نشر اور شائع کی جس کے بعد چینی وزیر خارجہ وانگ ژی انڈیا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان روانہ ہوگئے۔
وانگ ژی کے دورے کے دوران چین اور انڈیا نے اپنے سرحدی تنزعے پر بات چیت کو آگے بڑھانے، سیاحتی ویزے دوبارہ جاری کرنے اور تجارت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
ژنہوا نے بدھ کو ایک رپورٹ میں بتایا کہ انڈیا کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کے ساتھ سرحدی معاملے پر بات چیت میں فریقین نے ’سرحدوں کی حد بندی پر بات چیت کو آگے بڑھانے‘ پر اتفاق کیا اور تین مقامات پر سرحدی تجارتی منڈیاں دوبارہ کھولنے کا عزم کیا۔