Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناروے: اوسلو میں امریکی سفارت خانے میں دھماکہ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا: پولیس

ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں واقع امریکی سفارت خانے میں ایک دھماکہ ہوا لیکن خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فرانسیسی خببر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اوسلو پولیس نے بتایا کہ یہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق اتوار کی رات تقریباً ایک بجے ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
پولیس کے انسٹی ٹینڈ کمانڈر مائیکل ڈیلمیر نے بتایا کہ دھماکہ سفارت خانے کے قونصلر سیکشن کے داخلی راستے پر ہوا جس سے عمارت کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری، ہیلی کاپٹرز، ڈرونز اور سراغ رساں کتوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
سفارت خانے کے قریب رہنے والے ایک 16 سالہ نوجوان ایڈورڈ نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اسے لگا جیسے اس کے اپنے گھر میں کچھ ہوا ہو لیکن جب اس نے کھڑکی سے باہر دیکھا تو وہاں پولیس کی گاڑیوں کی نیلی بتیاں چمک رہی تھیں اور ہر طرف مسلح اہلکار موجود تھے۔
اگرچہ مشرقِ وسطیٰ میں ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے باعث مختلف ممالک میں امریکی سفارت خانے ہائی الرٹ پر ہیں اور تہران کی جانب سے سفارتی و صنعتی اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، تاہم نارویجن پولیس نے فی الحال اس دھماکے کو جاری تنازع سے جوڑنے کا کوئی اشارہ نہیں دیا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ وہ سفارت خانے کے عملے کے ساتھ رابطے میں ہیں، لیکن تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہونے کی وجہ سے دھماکے کی نوعیت اور مواد کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

شیئر: