Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خواتین میں بیروزگاری کی شرح 13 فیصد رہ گئی

’خواتین کی اقتصادی شراکت میں اضافہ اور مختلف شعبوں میں ملازمت کے مواقع بڑھے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی   محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ سعودی خواتین کی بیروزگاری کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’2024 میں بیروزگاری کی شرح گھٹ کر 13 فیصد ہوگئی ہے جبکہ 2022 میں یہ 19 فیصد تھی‘۔
 ’اسی طرح 2024 کی چوتھی سہ ماہی میں خواتین کی بیروزگاری کی شرح 11.9 فیصد رہی جو 2023 کی اسی سہ ماہی میں 13.9 فیصد تھی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’خواتین کی اقتصادی شراکت میں اضافہ اور مختلف شعبوں میں ان کی ملازمت کے مواقع بڑھے ہیں‘۔
’روزگار حاصل کرنے والی سعودی خواتین کی آبادی کے لحاظ سے شرح 31.8 فیصد رہی  ہے اور خواتین کی لیبر مارکیٹ میں شراکت کی شرح 36 فیصد تک پہنچ گئی ہے‘۔
واضح رہے کہ  سعودی محکمہ شماریات نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر سعودی خواتین کے بارے میں تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے جس میں 15 سال اور اس سے زائد عمر کی سعودی خواتین سے متعلق مختلف شعبوں جیسے تعلیم، صحت، روزگار، ثقافت اور تفریح وغیرہ میں متعدد اور متنوع شماریاتی اشاریے شامل کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ دیگر کئی اعداد و شمار بھی پیش کئے گئے ہیں۔

’روزگار حاصل کرنے والی سعودی خواتین کی آبادی کے لحاظ سے شرح 31.8 فیصد رہی  ہے‘ ( فوٹو: سبق)

رپورٹ میں سعودی خواتین کے لیے (15 سال اور اس سے زیادہ) کی عمر کے حوالے سے شماریاتی اشاریوں کا ایک مجموعہ شامل ہے جو جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے مختلف سرویز، ریکارڈ ڈیٹا اور آبادیاتی تخمینوں پر مبنی ہے تاکہ سماجی، اقتصادی، تعلیمی، صحت، ثقافتی اور تفریحی پہلوؤں پر خواتین سے متعلق اعداد و شمار مرتب کئے جا سکیں۔

’سعودی خواتین کی کل آبادی 98 لاکھ 8 ہزار 663 ہے‘ ( فوٹو: سبق)

رپورٹ کے نتائج کے مطابق سعودی خواتین کی کل آبادی 98 لاکھ 8 ہزار 663 ہے۔
ان میں سے عمر کے گروہ (15 – 34) کی شرح 35.7 فیصد رہی ہے جبکہ (20 – 24) برس کی خواتین کی شرح 17.6 فیصد رہی ہے جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ خواتین میں نوجوان طبقہ دیگر عمر کے گروہوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
رپورٹ نے یہ بھی ظاہر کیا کہ سعودی خواتین نے تعلیم، جدت اور کھیلوں کے میدان میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

’44.6 فیصد خواتین ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ جسمانی سرگرمی کرتی ہیں‘ ( فوٹو: سبق)

25 برس اور اس سے زائد عمر کی خواتین میں بیچلر ڈگری یا اس کے مساوی ڈگری رکھنے والوں کی شرح 35.3 فیصد رہی ہے۔
2024 میں 22 سعودی خواتین کو پیٹنٹ (اختراعات کے حقوق) ملے اور سعودی خواتین نے کھیلوں میں 1956 قومی و بین الاقوامی اعزازات حاصل کئے۔

’2024 میں 22 سعودی خواتین کو اختراعات کے حقوق ملے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)

18 برس اور اس سے زائد عمر کی سعودی خواتین میں سے 44.6 فیصد ایسی ہیں جو ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ جسمانی سرگرمی کرتی ہیں۔
 ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں میں بھی سعودی خواتین نے بھرپور حصہ لیا جن میں پارکوں اور تفریحی مقامات کی سیر سب سے زیادہ رہی جس کی شرح 62.7فیصد رہی۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ محکمہ شماریات سعودی عرب میں اعداد و شمار کا واحد اور سرکاری ماخذ ہے جو تمام شماریاتی سرگرمیوں کو انجام دیتا ہے۔

شیئر: