دارالحکومت ریاض میں ایک سعودی نرس نے کار کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والے غیرملکی مقیم کی جان بچا لی۔ ایمبولنس پہنچنے سے پہلے ہی زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد (سی پی آر) فراہم کی۔
سعودی نرس تهانی العنزی نے العربیہ کو بتایا’ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ ایک کیفے جا رہی تھیں، نیشنل گارڈز ہسپتال کے قریب انہوں نے ایک شخص کو سڑک پر پڑے دیکھا،جو ایک گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوا تھا۔‘
مزید پڑھیں
’ یہ دیکھ کر گاڑی روکی‘ میں اپنے بھائی کے ساتھ زخمی کے پاس پہنچی اور دیکھا کہ اسے سانس نہیں آرہی تھی، فوری طور پر راہگیروں کی مدد سے زخمی شخص کو سڑک کے کنارے منتقل کیا۔‘
’ میں نے اس کے سر اور گردن کو درست پوزیشن پر رکھتے ہوئے فوری طور پر سی پی آر شروع کردیا۔‘
تهانی العنزی نے بتایا زخمی کی نبض چند لمحوں کے لیے واپس آئی مگر پھر رک گئی، سی پی آر کے ذریعے دل کی دھڑکن بحال کرنے کی کوشش جاری رکھی، اسی دوران ہلال احمر کی طبی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور مریض کو اسپتال منتقل کیا۔ زخمی شخص کے سر پر چوٹ آئی تھی۔
سعودی نرس نے بتایا’ یہ پہلا موقع نہیں جب انھوں نے ہسپتال سے باہر کسی کی جان بچانے میں مدد کی۔ مجھے اس طرح کی صورتحال کو سنبھالنے کی صلاحیت ہے۔‘
’ہیلتھ پروفیشنلز کا فرض ہے کہ وہ جہاں بھی اور جب بھی ممکن ہو انسانی جان بچانے میں مدد کریں۔‘
اس واقعے کی وڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں سعودی نرس کو زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔