رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹرمحمد العیسیٰ نے ’فقہ سکالر 2025 ‘ کے لیے سرکاری طور پر پہلے فورم کا آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق فقہ، اسلامی فلسفۂ قانون کو بیان کرنے کے لیے عربی زبان کی اصطلاح ہے جو قرآنِ پاک اور پیغمبرِ اسلام کی روایات کی بنیاد پر اسلامی قانون کی تشریح اور تفہیم کا احاطہ کرتی ہے۔
کوالالمپور میں دو دن تک جاری رہنے والے اس فورم کا انعقاد رابطہ عالم اسلامی کی اسلامی فقہ کونسل کے زیرِ اہتمام ملائیشیا کے وزیرِاعظم انورابراہیم کی سرپرستی میں ہوا۔

اس فورم کا بڑا موضوع ’اسلامی فقہ کی تدریس اور فقیہ کی علمی تشکیل: رہنما اصول اور فریم ورک‘ تھا۔
فورم کے شرکا میں سعودی عرب اور ملائیشیا کے سینئر سکالر اور اسلامی دنیا میں پھیلے ہوئے فقیہ تھے۔ ان کے علاوہ دنیا کے ان مختلف ممالک سے بھی، جہاں مسلمان اقلیت میں ہیں، سکالرز نے شرکت کی۔
سعودی عرب کی سینئر سکالرز کی کونسل کے سیکریٹری جنرل شیخ فہد الماجد نے مملکت کے مفتیِ اعظم کی طرف سے کی جانے والی تقریر میں امید ظاہر کی کہ فورم اسلامی دنیا کی جامعات میں اسلامی فلسفۂ قانون کی تدیس کے تمام نصاب کو گہری نظر سے دیکھے گا۔

انھوں نے کہا کہ’ اسلامی فلسفۂ قانون ایسے فقیہ تیار کرنے میں جو تحقیق اور غور و فکر کر سکیں، ان کی طاقت اور اثر پذیری کا تعین بھی کرے گا اور نئے ابھرنے والے ایشوز اور تشویش پر غور و فکر کرے گا۔‘
اپنے ابتدائی کلمات میں رابطہ کے سیکرٹری جنرل العیسیٰ نے کہا کہ اسلامی فلفسۂ قانون، ماضی سے اب تک اُن فتاوٰی کو سمجھنے کے لیے ایک ایسا قانونی حوالہ رہا ہے جنھیں تفصیلی شہادتوں کی بنیاد پر جاری کیا گیا اور جن سے مسلمانوں کو اسلامی قانون کی رہنمائی میں اپنے مذہب کو سمجھنے مدد ملی۔