سعودی عرب: حائل کے سکول ٹیچر نے جان خطرے میں ڈال کر طلبہ کو ممکنہ آتشزدگی سے بچالیا
سعودی عرب: حائل کے سکول ٹیچر نے جان خطرے میں ڈال کر طلبہ کو ممکنہ آتشزدگی سے بچالیا
ہفتہ 30 اگست 2025 5:45
واقعے کے وقت سکول میں 250 طلبہ تھے۔ (فوٹو المرصد)
سعودی عرب کے علاقے حائل کے ایک پرائمری سکول کے ٹیچر سعود بن عبدالعزیز الشمری نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر سکول کے طلبہ کو ممکنہ آتشزدگی سے بچا لیا۔ اس واقعے میں الشمری شدید زخمی اور ان کے بازو پر فریکچر بھی آیا ہے۔
العربیہ چینل کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ صبح کے وقت سکول اسمبلی کے دوران پیش آیا جب ٹیچر الشمری نے سکول کے احاطے میں دھوئیں کی بو محسوس کی اور پتہ کیا تو معلوم ہوا کہ آگ سکول کے باہر پڑے کوڑے دان میں لگی تھی اور وہ قریب ہی لگے الیکٹرک بورڈ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا تھا۔
ٹیچر نے بتایا کہ یہ صورتحال دیکھ کر فوری طور پر طلبہ کو سکول سے باہر نکالا اور کچھ سوچے سمجھے بغیر آگ بجھانے والا سیلنڈر اٹھایا اور آگ کو بجھانے کی کوشش شروع کر دی۔
محکمہ تعلیم حائل کے ڈائریکٹر نے ٹیچر کی خیریت دریافت کی۔ (فوٹو العربیہ چینل)
الشمری کا کہنا تھا کہ اس دوران میں کہنی کے بل گر گیا مگر اپنی چوٹ کی پروا کیے بغیر آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتا رہا۔
ٹیچر سعود الشمری کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے کے بعد جب ہاتھ دھونے گیا تو بازو میں شدید سوجن نظر آئی۔ اس وقت ہاتھ میں شدید درد تھا جس پر سکول ساتھیوں نے ہسپتال پہنچایا جہاں پتہ چلا کہ دونوں ہاتھوں میں فریکچر ہوا ہے۔
الشمری نے بتایا کہ واقعے کے وقت سکول میں 250 طلبہ موجود تھے۔
محکمہ تعلیم حائل کے ڈائریکٹر نے اس جرات مندانہ اقدام پر ہسپتال جاکر الشمری کی خیریت دریافت کی اور ان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین اور حائل کے لوگوں اور مقامی کمیونٹی نے بھی الشمری کے اس جرات مندانہ اقدام کو سراہا ہے۔