سعودی زکوۃ، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی نے ایک ہفتے میں بری، بحری اور فضائی پورٹس پر کسٹمز آپریشنز کے دوران ایک ہزار 469 ممنوعہ اشیا ضبط کی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق یہ اقدام معاشرے کو سمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں سے بچانے اور نیشنل سکیورٹی برقرار رکھنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں
بیان میں کہا گیا کہ منشیات کے 47 کیسز جس میں حشیش، کوکین، نشہ آور گولیاں شامل ہیں، دیگر ممنوعہ اشیا کے 315 کیسز سامنے آئے۔
کسٹم حکام نے تمباکو اور اس کی مصنوعات سمگل کرنے کی ایک ہزار 46 کوششوں کو بھی ناکام بنایا۔ مالی رقوم سے متعلق تین کیسز کے علاوہ ہتھیار اوراس سے منسلک آلات کے کیسز بھی پکڑے ہیں۔
زکوۃ، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی نے ملکی درآمدات اور برآمدات پر کسٹم کنٹرول کو مضبوط بنانے، معاشرے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان میں سمگلنگ اور ہر قسم کی غیر قانونی تجارت کو روکنے کےلیے متعلقہ حکام سے تعاون پر بھی زور دیا گیا۔
اتھارٹی نے عوام سے ٖپر زور دیا کہ وہ سمگلنگ کے کسی بھی واقعہ کی اطلاع ہاٹ لائن، ای میل یا انٹرنیشنل نمبر کے ذریعے دیں۔