سعودی عرب نے پہلے عرب میری ٹائم اجلاس کی میزبانی کی
اجلاس ’سسٹینیبل میری ٹائم انڈسٹری کانفرنس‘ کے موقع پر ہوا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے ’انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن‘ کے ساتھ مل کر عرب میری ٹائم حکام کے پہلے اجلاس کی میزبانی کی ہے۔
یہ اجلاس جدہ میں دوسری ’سسٹینیبل میری ٹائم انڈسٹری کانفرنس‘ کے موقع پر علیحدہ سے منعقد کیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس اجلاس میں عرب کے بحری حکام اور عالمی میری ٹائم آرگنائزیشن کے مابین کوششوں اور تکنیکی معاونت کو یکجا کرنے اور مزید مضبوط بنانے پر بات ہوئی۔
اجلاس میں طے ہوا کہ عرب کے بحری آپریشنز کی کارکردگی میں اضافے اور اس شعبے کی ترقی میں تعاون کے لیے ایک مشترکہ پروگرام اور شراکت داری کو عمل میں لایا جائے گا۔
اس ایونٹ کی قیادت ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کے لیے بحری امور کے نائب عصام العماری اور کمال الجنیدی نے کی جو عالمی بحری تنظیم میں سعودی عرب کے مستقل مندوب بھی ہیں۔ دونوں نے اس میٹنگ کا انتظام کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کی کوششوں سے مکالمے کا ایک موثر ماحول بنانے میں مدد ملی اور عرب حکام کے ساتھ زیادہ بہتر رابطوں کی کوششوں کو فروغ ملا ہے جس سے علاقائی اور عالمی تعاون کے لیے نئے راستے کھل گئے ہیں۔
’سسٹینیبل میری ٹائم انڈسٹری کانفرنس‘ ایک عالمی پلیٹ فارم ہے جس میں دنیا کے رہنما، فیصلہ ساز اور بحری ٹرانسپورٹ اور نقل و حمل سے براہِ راست تعلق رکھنے والے ماہرین شریک ہوتے ہیں۔
اس طرح کے اجلاس مملکت کے اس عہد کی پابندی کا ایک اظہار ہیں جو وہ اس شعبے میں جدت متعارف کرانے اور اس کی پائیدار ترقی کے لیے کر رہی ہے۔
