وزارتِ اسلامی امور و دعوۃ والارشاد کی جانب سے عمرہ سیزن کے دوران میدان عرفات میں آنے والے زائرین کی رہنمائی کے لیے خصوصی پروگرامز شروع کیے گئے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کےمطابق وزارتِ اسلامی امور نے زائرین کی سہولت اور انہیں دینی امور کے حوالے سے درست معلومات کی فراہمی کویقینی بنانے کےلیے متعدد زبانوں کے ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی ہے۔
مزید پڑھیں
وزارت نے میدان عرفات میں جبل الرحمہ کے قریب متعدد کیبنز نصب کیے ہیں جہاں آنے والے زائرین کو مختلف زبانوں میں تیار کیے گئے معلوماتی کتابچے فراہم کیے جاتے ہیں جن میں ان کی رہنمائی کے لیے اہم معلومات مہیا کی گئی ہیں۔
کتابچوں کے علاوہ وزارت نے زائرین کی براہ راست رہنمائی کے لیے مختلف زبانوں کے ماہرین کو بھی میدان عرفات میں تعینات کیا ہے جو مختلف ممالک کے زائرین کو انکی زبان میں درست اور اہم دینی معلومات فراہم کرتے ہیں۔ معلومات کی فراہمی کا مقصد زائرین کی درست طریقے سے رہنمائی کرنا ہے۔
اس ضمن میں زائرین کا کہنا تھا کہ سعودی وزارت کی جانب سے مثالی اقدام ہے جس کے ذریعے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔

واضح رہے عمرہ سیزن کے حوالے سے دنیا بھر سے مکہ مکرمہ آنے والے زائرین بڑی تعداد میں مشاعر مقدسہ (منی ، مزدلفہ اور میدان عرفات) میں جاتے ہیں جہاں وہ خصوصی طورپر جبل الرحمہ پر جا کروہاں دعا کرتے اور یادگاری تصاویر بھی بناتے ہیں ۔
انتظامیہ کی جانب سے جبل الرحمہ پر آمد رفت کو منظم رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت راستوں کو جدا کیا ہے تاکہ پہاڑ پر جانے اور واپس آنے والوں کا ٹکراو نہ ہو اور آمد ورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔