سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اردن کے شاہ عبداللہ الثانی نے بدھ کی شب ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔
مزید پڑھیں
-
قطر: اسرائیل کا دوحہ میں حماس کے رہنماؤں پر فضائی حملہ
Node ID: 894401
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ اردن نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلی فونک گفتگو میں اسرائیل کی جانب سے برادر ملک قطر پرکیے جانے والے وحشیانہ حملے پرتبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماوں نے اس بات کی توثیق کی کہ سعودی عرب اوراردن اپنے برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں جو وہ اپنی سلامتی کے تحفظ اور خودمختاری کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھا رہا ہے۔
قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے مملکت کی جانب سے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قطر کی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کےلیے مکمل حمایت کی یقین دہانی کی تھی۔
دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے بھی قطر پر اسرائیلی حملے کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی تھی۔