سعودی عرب کی پاکستان میں فوجیوں پر حملے کی مذمت
باجوڑ میں شدت پسندوں کے حملے میں پاکستان کے 12 فوجی اہلکاروں کی جان چلی گئی تھی (فائل فوٹو، ایکس)
سعودی عرب نے پاکستان کے میں شدت پسندوں کی جانب سے کیے گئے دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے جن میں 12 اہلکاروں کی جان چلی گئی تھی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتی ہے جس میں پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
وزارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی دہشت گردی اور تشدد کو مسترد کرتے ہوئے اس حوالے سے مملکت کے واضح موقف کا بھی اعادہ کیا گیا۔
وزارت نے بیان میں متاثرہ خاندانوں ، پاکستانی حکومت اور عوام سے گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ افغان سرحد کے قریب جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کی جانب سے گھات لگا کر کیے گئے حملے میں 12 فوجی اہلکار جان سے چلے گئے تھے۔
سنیچر کو راولپنڈی میں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ دو الگ الگ واقعات میں 35 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔
