Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میچ پہلے گھنٹے میں پاکستانی ٹیم کے ہاتھ سے نکل گیا: عامر خاکوانی کا تجزیہ

ایمانداری کی بات ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کا ٹی20 میچ واضح طور پر ایک بڑے طاقتور پہلوان کا کسی نوآموز پہلوان سے معرکے جیسا تھا۔ انڈیا ہر لحاظ سے پاکستان سے بہتر، تجربہ کاراور پورے کنٹرول میں نظر آیا۔ درحقیقت میچ کے پہلے گھنٹے میں پاکستان کے ہاتھ سے میچ نکل گیا تھا۔ پہلے 10 اوورز نے بتا دیا تھا کہ اس میچ کا انجام کیا ہو گا؟ کرکٹ میں ایک اصطلاح استعمال کی جاتی ہے، آوٹ کلاس کر دینا۔ انڈیا نے پاکستان کو آوٹ کلاس کر دیا، ایک بدترین شکست سے دوچار کیا۔ اس کے امکانات ہیں کہ ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے میں پاکستان ایک اور میچ انڈیا سے کھیلے اور پھر شائد فائنل میں پہنچا تو ایک اور میچ ہوجائے۔ اگر پہلے میچ والے مائنڈ سیٹ اور سٹائل سے کھیلے توپاکستان کے لیے یقینی شکست وہاں بھی انتظار کر رہی ہے۔
ہار جیت میچ کا حصہ ہے، لیکن اگر یوں یک طرفہ شکست ہو، اپنی قومی ٹیم مقابلے ہی میں نہ آ پائے اور یوں لگے جیسے کسی کلب لیول کی ٹیم کا انٹرنیشنل ٹیم سے میچ ہو، تب دیکھنے والوں کو افسوس اور دکھ ہوتا ہے۔
آج کے میچ میں دو تین چیزیں واضح نظر آئیں۔ پہلی یہ کہ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کو شائد انڈین ٹیم کے مضبوط پہلوؤں کا اندازہ ہی نہیں تھا۔ ان کے پاس انڈین کھلاڑیوں کو کاؤنٹر کرنے کا پلان نظر نہیں آیا۔ مثال کے طور پر جسپریت بمراہ انڈیا کے نمبرون بولر ہیں بلکہ وہ دنیا کے اس وقت بہترین بولر ہیں جنہیں خاص طور سے ٹی20 میں نئی گیند سے ہٹنگ کرنا بہت مشکل اور دشوار ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بمراہ نئی گیند سے بہت عمدہ سوئنگ کرتا ہے، گیند کو اندر لاتا اور باہر نکالتا ہے اور پرفیکٹ یارکر کراتا ہے۔ نئی گیند سے یارکر کرنا مشکل ہوتا ہے، دنیا میں اکا دکا ہی ایسے باولر ہیں جو اچھا یارکر کرا سکتے ہیں، اس وقت بمراہ ان میں سرفہرست ہے۔
جب میچ کی پہلی ہی گیند پر صائم ایوب ایک اونچا پش کرتے ہوئے آوٹ ہو گئے، تب دوسرے ہی اوور میں محمد حارث کو یکایک بمراہ کی گیند پر ایک انتہائی غیرذمہ دارانہ انداز میں اندھا دھند شاٹ کھیلنے کی کیا ضرورت تھی؟ ابھی میچ شروع ہوا ہے، پہلی وکٹ گر گئی، بمراہ کوئی لوز گیند کرائے تب یوں چھکا لگانے کی کوشش کرو، ورنہ ہٹنگ کے لیے کسی دوسرے بولر جیسے ہاردک پانڈیا کا انتخاب کر لو۔ اس کے بجائے حارث نے بلا سوچے سمجھے شاٹ کھیلا اور وکٹ گنوا کر ٹیم پر دباؤ ڈال دیا۔

شیئر: