تجارتی ’سیل‘ پرمٹ کی جانچ کریں ، وزارت تجارت کا صارفین کو انتباہ
        
        
                        
                
                    
                                                    
                                
                                                                    
                                        
                                            یوم وطنی پرمختلف تجارتی اداروں نے رعایتی سیل کا اعلان کیا ہے۔ (فوٹو الوئام)                                        
                                    
                                
                             
                                             
                             
            
			
	
	       
	
				
            
                وزارتِ تجارت نے تحفظِ حقوق صارفین کے حوالے سے اہم نکات کی وضاحت کی ہے تاکہ لگائی جانے والی تجارتی سیل سے حقیقی انداز میں مستفیض ہوا جاسکے۔
سبق نیوز کے مطابق وزارتِ تجارت کا کہنا ہے کہ ضوابط کے مطابق وہ تجارتی ادارے یا دکانیں جہاں رعایتی نرخوں کا اعلان کیا جاتا ہے ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ وزارت سے این اوسی حاصل کریں۔
وزارت کا مزید کہنا ہے کہ این او سی کو دکانوں یا شورومز میں ایسی جگہ لگانا ضروری ہے جسے عام صارفین دیکھ  کر اطمینان کرسکیں۔
تجارتی اشیا کو رعایتی نرخوں پر پیش کرنے والے اداروں یا دکانوں کو باقاعدہ این او سی جاری کیا جاتا ہے جسے نمایاں مقام پر لگانا ضروری ہے ۔ صارفین این او سی میں موجود بار کوڈ کو اسکین کرکے یہ یقین دہانی کریں کہ موجود این اوسی درست ہے۔
وزارت کا مزید کہنا تھا کہ این او سی کے علاوہ تجارتی ادارے اس امر کے بھی پابند ہیں کہ وہ سیل سے قبل اور سیل کے بعد کے نرخوں کو واضح کریں تاکہ صارفین یہ اندازہ لگا سکیں کہ سیل کے بعد نرخوں میں کتنی کمی ہوئی ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں مختلف مواقع پر تجارتی اداروں کی جانب سے صارفین کو راغب کرنے کے لیے رعایتی سیل لگائی جاتی ہے۔ سیل لگانے کے لیے  وزارتِ تجارت کے قانون کے مطابق انہیں این اوسی حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جس میں ان تمام اشیا کے نرخ وزارت کو مہیا کیے جاتے ہیں جن پرسیل کا اعلان کیا جانا ہے۔
مملکت کے قومی دن کی مناسبت سے ان دنوں مختلف تجارتی اداروں کی جانب سے رعایتی سیل کا اعلان کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے وزارتِ تجارت کی جانب سے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان امور کو اجاگر کیا ہے تاکہ صارفین حقیقی سیل سے مستفیض ہوں ۔
 
 
