اوساکا ایکسپو 2025 : یوم الوطنی پر خصوصی ثقافتی پروگرام پیش کیا جائے گا
اتوار 14 ستمبر 2025 21:32
پروگرام میں مملکت کی ثقافتی شناخت اور تاریخ کو اجاگر کیا جائے گا(فوٹو، ایس پی اے)
جاپان کے شہر اوساکا میں جاری ’ایکسپو 2025‘ میں سعودی عرب کے پیویلین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مملکت کے قومی دن (یوم الوطنی) پر ایک بھرپور پروگرام پیش کیا جائے گا۔
یوم الوطنی کی مناسبت سے19 سے 24 ستمبر کے دوران ہونے والے پروگرام میں مملکت کی ثقافتی شناخت اور تاریخ کے علاوہ سعودی وژن 2030 کے تحت ترقی کے سفر پر بھی نظر ڈالے گا۔
سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق جاپان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر غازی فیصل بن زقر نے جو نمائش کے پیویلین کے کمشنر جنرل بھی ہیں نے بتایا کہ یوم الوطنی کی مناسبت سے ہونے والی تقریب جاپان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاس اور دونوں ممالک کو باہم جوڑنے والی ہوگی۔
پروگرام میں ہر کسی کو مملکت کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ انھیں مملکت کی زرخیز میراث سے لے کر اس کے پرعزم مستقبل تک کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
ایونٹس شناخت، ترقی اور مستبقل کے مضبوط امکانات کو ظاہر کرتے ہیں اور مکالمے اور ثقافتی تبادلوں کی اہمیت کا اظہار ہیں جن میں سب کے لیے مستقبل کی تشکیل میں حصہ لینے کے مواقع موجود ہیں۔
سعودی عرب کا قومی دن ہر سال 23 ستمبر کو منایا جاتا ہے اور ایکسپو 2025 کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات، مملکت کی مالا مال تاریخ اور تہذیب کو دیگر ثقافتوں کے ساتھ شیئر کرنے کے عہد کی پابندی کا اظہار ہیں۔
