شہزادہ فیصل بن فرحان کی جی سی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت
اجلاس میں خلیج کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے خارجہ کے رابطہ اجلاس میں شرکت کی۔
ایس پی اے کے مطابق اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے علاوہ جی سی سی کے سیکرٹری جنرل بھی موجود تھے۔
اجلاس میں خلیج کے خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کے علاوہ تعاون اور جوائنٹ کوآرڈینیشن بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جی سی سی وزرائے خارجہ نے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہر اس چیز کے لیے مکمل سپورٹ کا اعادہ کیا جو اس کی سلامتی اور خود مختاری کو محفوظ رکھے۔
علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں عالمی امن اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیر برائے بین الاقوامی کثیر الجہتی امور ڈاکٹر عبدالرحمن الرسی نے بھی شرکت کی۔
