سعودی عرب کے ’کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن فار ریسرچ اینڈ آرکائیوز‘ نے یوم الوطنی کی تقریبات کی تاریخ کو دستاویزی شکل دیتے ہوئے ایک کتاب شائع کی ہے جس میں مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز کے زمانے سے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان کے دور تک کا احاطہ کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس کتاب میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کے قومی دن کی تقریبات کیسے اور کہاں سے شروع ہوئیں اور کن مراحل سے گزری ہیں۔ کتاب میں درج واقعات اور تاریخی حقائق کی بنیاد سرکاری دستاویزات، ذرائع اور قومی آرکائیوز ہیں۔
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب کا 95 واں یوم الوطنی، مسافروں کے پاسپورٹ پر خصوصی مہرNode ID: 894916
کتاب شائع کرنے والی فاؤنڈیشن نے جسے’دارۃ الملک عبدالعزیز‘ بھی کہتے ہیں، کتاب میں تصاویر شامل کی ہیں جن میں مختلف شاہی ادوار میں سرکاری اورعوامی سطح پر مقبول ہونے والی تقریبات کے مناظر ہیں۔
کتاب میں اس بات پر کافی تفصیل ہے کہ سعودی قومی دن کی تقریبات ابتدائی زمانے، خاص طور پر شاہ عبدالعزیز کے دور میں کیسی ہوا کرتی تھیں۔
ایک ایک کر کے بعد میں آنے والے مختلف شاہی ادوار میں ان تقریبات میں ہونے والی تبدیلیوں کو بھی دستاویزی شکل دی گئی ہے اور موجود دور میں شاہ سلمان کے زمانے میں خوشحال سعودی عرب میں ان تقریبات کی نوعیت پر بھی گفتگو کی گئی ہے۔
یوم الوطنی کی ان تقریبات میں بتدریج ہونے والی تبدیلی اور ایک خاص طرح کی جدت کا سبب سعودی وژن 2030 کے مقاصد سے ہم آہنگی بھی ہے۔

کتاب میں نہ صرف یوم الوطنی پر ہونے والی سرکاری تقریبات کا احوال ہے بلکہ یہ تذکرہ بھی موجود ہے کہ اس خاص دن کو لوگ گھروں میں کیسے مناتے ہیں۔
اس سلسلے میں تقریبات میں سرکاری اور پرائیویٹ اداروں کی شمولیت، مملکت سے باہر سعودی سفارتی مشنز کا کردار اور اس اہم قومی موقع پر عرب اور اسلامی دنیا اور دوست ممالک کی سعودی عرب کی خوشیوں میں شمولیت پر بھی بات کی گئی ہے۔
’دارۃ الملک عبدالعزیز‘ نے تصدیق کی کہ اس کتاب کی اشاعت، فاؤنڈیشن کے ان مقاصد سے مطابقت رکھتی ہے کہ سعودی عرب کی تاریخ کو دستاویزی بنایا جائے اور اسے محفوظ کیا جائے۔ کتاب میں شاہ عبدالعزیز اور ان کے صاحبزادوں کے قومی کارناموں کا بھی تذکرہ ملتا ہے۔

’دارۃ الملک عبدالعزیز‘ نے اس بات کا بالخصوص ذکر کیا ہے کہ یہ کتاب تاریخی مطالعے میں مزید معلومات کا اضافہ کرے گی اور تحقیق کاروں اور ایسے افراد کو جو اس میدان میں دلچسپی رکھتے ہیں، تحقیق کے لیے تاریخ کا ایک جامع سائنسی منبع فراہم کرے گی جو سعودی عرب کے قومی تجربے کی گہرائیوں کو لوگوں کے سامنے لائے گا۔
اس کتاب کی اشاعت ’دارۃ الملک عبدالعزیز‘ میں پہلے سے موجود تاریخ اور سعودی عرب کی میراث کے وسیع مجموعے میں ایک نیا اضافہ ہے۔ یہ کتاب فاؤنڈیشن کے قومی کردار کے اس عہد کی عملی صورت ہے جس کے تحت سعودی ریاست کے سفر کو دستاویزی بنانا اور مستقبل کی نسلوں تک اس علم کو پھیلانا ہے۔
یہ کتاب ریاض کے انٹرنیشنل بُک فیئر میں واقع دارۃ کے پویلین سے مل سکتی ہے یا فاؤنڈیشن کی کتابوں کی فروخت کے مرکز سے براہِ راست خریدی جا سکتی ہے۔ کتاب، دارۃ کے ڈیجیٹل سٹور اور منظور شدہ تقسیم کاروں سے بھی دستیاب ہے۔