Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض اکتوبر میں ’انٹرنیشنل ریسٹوریشن ویک‘ کی میزبانی کرے گا

معروف مقامی اور بین الاقوامی ادارے نمائش میں شریک ہوں گے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کا ہیرٹِج کمیشن ایک سے پانچ اکتوبر کے درمیان درعیہ کے جیکس ڈسٹرکٹ میں ’انٹرنیشنل ریسٹوریشن ویک‘ یا عالمی ہفتۂ بحالی کی نمائش منعقد کر رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس ایونٹ میں شہری ورثے کی بحالی اور تحفظ کے کام میں سپیشلائز کرنے والے ممتاز مقامی اور بین الاقوامی ادارے  نمائش میں شریک ہوں گے۔
 نمائش میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور مہارتوں کے استعمال سے جس طرح تاریخی عمارتوں اور سائٹس کو محفوظ کیا جا رہا ہے اس پر تبادلۂ خیال ہوگا او تعاون کی راہیں مضبوط ہوں گی۔
یہ نمائش ہیرٹِج کمیشن کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو سعودی عرب کے شہری ورثے کی تعمیر و ترقی اور اس کے تحفظ کے لیے کی جار ہی ہیں۔
نیشنل اربن ہیرٹِج رجسٹر‘ میں سعودی ورثے کے اثاثوں کی درج تعداد 34000 سے زیادہ ہے۔
کمیشن، شہری ورثے کی بحالی کو ایک مربوط نظام کا حصہ بنانے کے لیے آگاہی بھی پھیلانا چاہتا ہے جس سے تاریخی سائٹس اور ثقافتی شناخت کی حفاظت بھی ہو سکے اور دورِ حاضر کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے ان کی پائیدار ترقی میں تعاون بھی فراہم کیا جاسکے۔
توقع ہے کہ دنیا کے 12 ممالک سے کئی تنظیمیں، کمپنیاں اور ادارے نمائش میں شریک ہوں گے۔
ہیرٹِج کمیشن نے کہا ہے کہ ’بین الاقوامی ہفتۂ بحالی، شہری ورثے کے تحفظ میں تعاون اور علم کو ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے کا ایک سپیشلائزڈ پلیٹ فارم ہے۔‘
اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ مملکت، شہری ورثے کی بحالی کے معیار کو دنیا بھر میں رائج بہترین طریقوں سے ہم آہنگ کرنے کا عہد کیے ہوئے ہے اور ثقافتی ورثے کے تحفظ میں اپنی پوزیشن کو مستحکم بنا رہی ہے۔

 

شیئر: