سعودی عرب میں سارا سال سرسبز رہنے والے 550 درختوں کی فہرست تیار
سعودی عرب میں سارا سال سرسبز رہنے والے 550 درختوں کی فہرست تیار
جمعرات 25 ستمبر 2025 20:34
سعودی نیشنل سینٹر سبزے سے بھری ہوئی سائٹس کی نگرانی کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈیولپمنٹ اینڈ کمبیٹنگ ڈیزرٹیفیکیشن نے اعلان کیا ہے کہ اس نے مملکت میں سال بھر سرسبز رہنے والے 550 درختوں کی سائٹس کی ایک تفصیلی فہرست تیار کر لی ہے۔
یہ کارنامہ اس بے مثال قدرتی اثاثے کو محفوظ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے جو مملکت کی قومی شناخت اور ورثے کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہیں۔
سینٹر کے مطابق، سال بھر ہرا بھرا رہنے والے یہ درخت زندگی کی علامت ہیں۔ ان میں ہر قسم کے مشکل حالات کا مقابلہ کرنے اور اپنے آپ کو بچائے رکھنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔
خواہ آب و ہوا غیر موافق ہو، یہ سدا بہار جھاڑیاں اور درخت، زمین اور اس پر بسنے والوں کے درمیان گہرے رشتے کا ایک جیتا جاگتا ثبوت ہیں۔
’ان کی حفاظت محض ایک فرض نہیں بلکہ یہ ماحولیات، صحتِ عامہ اور قومی شناخت کے لیے ایک طویل المدتی سرمایہ کاری ہے۔‘
اس کا اثر سماجی، ثقافتی اور معاشی فوائد کی صورت میں نظر آتا ہے جن میں قدرتی اور تاریخی وراثت کا تحفظ، ماحولیات سے متعلق شعور بڑھانا، ماحولیات کے تحفظ کا خیال کرتے ہوئے محتاط اور ذمہ دارانہ سیاحت، مقامی معیشت کو سہارا دینا اور زمین کے بنجر اور ناکارہ ہونے کی وجہ سے پیدا ہونے والی لاگت میں کمی لانا شامل ہیں۔
ان درختوں میں خود کو بچائے رکھنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نیشنل سینٹر پورے ملک میں سبزے سے بھری ہوئی سائٹس کی نگرانی، ان میں اضافے اور ان کے تحفظ کے لیے بھی کام کرتا ہے۔
یہ زمین کے ناکارہ حصوں کو بحال کرتا ہے، غیر قانونی طور پر لکڑی کی کٹائی کو روکتا ہے اور قدرتی چراگاہوں، جنگلات اور قومی پارکس کے پائیدار استعمال کی نگرانی کرتا ہے۔
اس طرح یہ سینٹر ’سعودی گرین انشیٹِیو‘ کے مقاصد کی پائیدار تعمیر و ترقی کو آگے بڑھانے میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔