مدینہ ریجن میں 100 برس قدیم پانچ درختوں کی محفوظ مقام پر منتقلی
درختوں کی منتقلی کا عمل سائنٹفک اصولوں پرمکمل کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن ڈیولپمنٹ اینڈ کامیٹنگ ڈیزرٹیفیکیشن کی ایک خصوصی ٹیم نے مدینہ ریجن میں 100 برس قدیم پانچ درختوں کو منتقل کیا ہے۔
درختوں کو کسی قسم کے نقصان سے بچانے کے لیے ان کی منتقلی کا عمل مکمل طورپر سائنٹفک اصولوں پر کیا گیا۔
مدینہ سے 60 کلو میٹر دور مغرب میں واقع قریہ الفریش سے ان درختوں کو منتقل کرکے اسی علاقے میں ایک دوسری جگہ لگایا گیا تاکہ درختوں کو نشو و نما کےلیے موزوں ماحول فراہم کیا جا سکے۔
العربیہ نیوز کے مطابق نیشنل سینٹر کا مزید کہنا تھا درختوں کی منتقلی کا عمل زرعی تعاون سوسائٹی کے اشتراک سے کیا گیا۔
جہاں سے ان درختوں کو منتقل کیا گیا ہے اس مقام پر تجارتی تعمیراتی کام شروع کیا جانا تھا جس کی وجہ سے ان درختوں کو مناسب مقام پر منتقل کرنا ضروری تھا۔
درختوں کی منتقلی سے قبل متعلقہ کمیٹی نے تمام امور کا جائزہ لیا تاکہ درختوں کو کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔
کمیٹی نے درختوں کی بحفاظت منتقلی کےلیے منصوبہ مرتب کیا۔ درختوں کی جڑوں کو محفوظ رکھنے کےلیے ان کے اطراف کی مٹی کو ہٹا کر جڑوں سمیت انہیں بڑے کنٹینر میں منتقل کیا بعدازاں اس کے گرد حفاظتی دیوار بنا کر اس میں مٹی اور کھاد ڈالی گئی۔
